ڈاؤ ڈینٹل کالج کے طلبہ کی رجسٹریشن کا مسئلہ حل کرائیں گے- گورنر سندھ
کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ڈاؤ ڈینٹل کالج کے طلبہ کی رجسٹریشن کا مسئلہ حل کیا جائے گا اور ان کا سال ضائع نہیں ہونے دینگے، مستقبل کے معماروں کا جائز مسئلے کیلئے سڑکوں پر آنا اچھانہیں۔اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں سے بات کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ صحت میں جدید نظریات اور ایجادات کے موضوع پر چوتھی آل پاکستان نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم پی اے ڈاکٹر سیما، شیخ الجامعہ پروفیسر سعید قریشی، اور چئیرمین ڈائس ڈاکٹر خورشید قریشی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت سے منسلک تمام اسٹیک ہولڈرز کا جدید تحقیق، نئی ایجادات اور علاج معالجے پر پیشرفت سے آگاہ رہنا ضروری ہے تاکہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات یقینی بنائی جاسکے۔