سدھونے دورہ پاکستان کوجنوبی بھارت سے بہترقرار دیدیا
کسولی(امت نیوز)بھارتی پنجاب کے وزیر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے ایک بار پھر پاکستان کی تعریفوں کے پل باندھ کرانتہاپسند ہندوؤ ں کے سینے پر چھری چلا دی۔ہماچل پردیش کے علاقے کسولی میں تقریب سے خطاب میں سدھو نے کہا کہ ان کا پاکستان کا دورہ کرنا بھارت کے جنوبی علاقوں کے دورے کرنے سے کہیں بہتر تھا ، وہ جنوبی بھارت جاتے رہتے ہیں لیکن آج تک وہاں کی زبان اور کھانے سمجھ نہیں پائے۔ انہوں نے پھر کہا کہ پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو میری جپھی کوئی سازش نہیں تھی ،یہ کوئی رافیل لڑاکا طیاروں کی ڈیل نہیں تھی ، اگر کوئی کہے کہ ہم کرتار پور کا بارڈر کھولنے کے لیے تیار ہیں تو میں نہ صرف ان کے گلے لگوں گا بلکہ ان کا بوسہ بھی لوں گا،مجھے ان لوگوں کی قطعی کوئی پروا نہیں جو اس پر سیاست کر رہے ہیں۔