سانحہ ماڈل ٹاؤن میں اشتہاری ایس پی گرفتار۔ضمانت پررہا
لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک)سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اشتہاری ملزم ایس پی ڈاکٹر فرخ کو لاہور ائیر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ضمانت منظور کرلی۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے لاہور ایئرپورٹ سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں اشتہاری ایس پی ڈاکٹر فرخ رضا کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا۔سینئر ایڈووکیٹ زاہد حسین نے درخواست ضمانت دائر کی، ادارہ منہاج القران کے وکلا نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر فرخ رضا کو ایک بار ضمانت فراہم کر دی گئی جس کا انہوں نے ناجائز فائدہ اٹھایا اور جان بوجھ کر بیرون ملک چلے گئے۔ زاہد حسین ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ ڈاکٹر فرخ رضا گورنمنٹ کی طرف سے کورس کرنے بیرون ملک گئے، کورس ختم ہونے پر واپس آتے ہوئے ایف آئی اے انہیں ائیرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔ ساری کارروائی میں ا ن کی کوئی بد دیانتی نہیں ۔ بالآخرزاہد حسین ایڈووکیٹ کی گارنٹی پر ڈاکٹر فرخ کی ضمانت منظور ہوگئی۔