رقم کے تنازع پردکاندار نے شہری کو ڈاکو ظاہرکرکےماردیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کینٹ اسٹیشن کے قریب دکاندار نے رقم کے تنازع پر شہری کو ڈاکو ظاہر کیا اور اپنے ساتھی پولیس اہلکار کے ساتھ ملکر اس پر بدترین تشدد کرکے پولیس کے حوالے کیا۔زخمی اسپتال میں دوران علاج چل بسا۔پولیس نے دکاندار اور اس کے دوست پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق فریئر کے علاقے کینٹ اسٹیشن کے قریب دکانداروں نے شہری کو ڈاکو قرار دے کر پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد پولیس کو اطلاع کردی۔پولیس نے زخمی کو قریبی اسپتال پہنچایا،جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ایس ایچ او سعید اختر نے ’’امت‘‘ کو بتایا کہ مقتول کی شناخت غلام سرور ولد حسین بخش کے نام سے ہوئی۔وہ رحیم یار خان کا رہائشی اور کینٹ اسٹیشن کے قریب کئی ماہ سے موبائل فون خرید کر لے جاتا رہا تھا۔ ہفتہ کو کینٹ اسٹیشن کے پاس موبائل مارکیٹ آیا تو دکاندار رانا اسلم نے اس کو پکڑ کر اپنے دوست عزیر کے ساتھ مل کر تشدد کا نشانہ بنایا اور ڈاکو ظاہر کیا۔گزشتہ روز دکاندار نے اس سے اپنی رقم کا تقاضہ کیا تو ان کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔پولیس نے دکاندار رانا اسلم اور اس کے دوست عزیر کو حراست میں لے لیا ہے۔عزیز سی ٹی ڈی کا اہلکار ہے۔