اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)حکومت نے یکساں نظام تعلیم کے لیے سکولوں میں اے اوراو لیول ختم کرنے اور مدارس کو جدیدسکولنگ سسٹم کی طرف لانے پرغور شروع کردیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت تعلیم نے چھوٹے بڑے سکولوں میں نصاب کے فرق کو دور کرنے کے لئے مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔یکساں تعلیمی نصاب کے لئے اے اور او لیول ختم کرکے تمام سکولوں کی سرٹیفکیشن یکساں کرنے کی تجویز پر غور شروع کر دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تجویز کی جزوی طور پر مخالفت سامنے آئی ہے لیکن زیادہ تر رائے یہی پائی جارہی ہے کہ او اور اے لیول کو ختم کردیا جائے، مدارس کے نظام تعلیم کو بھی جدید سکولنگ کے ساتھ منسلک کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مدارس کے اپنے نظام تعلیم کو چھیڑے بغیر اس کے نصاب میں چار مضامین شامل کیے جائیں گے۔ انگریزی، ریاضی، سائنس کے مضامین لازمی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اگرچہ بیشتر مدارس کے نصاب تعلیم میں یہ چاروں مضامین گزشتہ دور حکومت میں شامل کیے گئے تھے لیکن ان مضامین کو بہت سارے مدارس نہیں پڑھا رہے تھے تاہم اب کوشش کی جارہی ہے کہ ان نصاب کو لازمی مضامین کے طور پر مدارس کے نصاب میں شامل کیا جائے۔مدارس اور تمام سکولوں میں چار مضامین یکساں پڑھائے جائیں گے۔اس حوالے سے وفاقی وزارت تعلیم کے تھنک ٹینکس کی ایک میٹنگ مدارس کے بورڈز کے ساتھ ہوچکی ہے تاہم دوسری میٹنگ آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔ وزیر تعلیم آئندہ چند روز میں مدارس کے پانچوں وفاق کے قائدین سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔