سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس عارضہ قلب میں مبتلا ہوگئے
کراچی(امت نیوز)پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان ایشین بریڈمین ظہیر عباس عارضہ قلب میں مبتلا ہوگئے۔انہیں دل میں تکلیف کے باعث کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا ایک طویل آپریشن ہوا اور اینجیوگرافی کی گئی،ان کے دل میں 2 اسٹنٹ بھی ڈالے گئے۔ظہیر عباس کو آپریشن کے بعد امراض قلب کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (سی سی یو) میں منتقل کردیا گیا۔ ظہیر عباس کے بھائی کا کہنا ہے کہ 71 سالہ سابق ٹیسٹ کرکٹر کو دل میں تکلیف کے بعد مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹروں نے بلاتاخیراینجیو گرافی کا فیصلہ کیا تھا کیونکہ ظہیر عباس کے دل کی شریانیں بند ہوچکی تھیں۔آپریشن کے بعد ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس آپریشن میں کئی مسائل کا سامنا تھا لیکن اب انہیں سی سی یو منتقل کردیا گیا ہے جس کے بعد ان کی حالت میں بدستور بہتری آرہی ہے۔