شوپیاں میں آپریشن کیخلاف کشمیری سراپااحتجاج-بھارتی فورسز پر پتھراؤ
لاہور(نمائندہ امت)مقبوضہ کشمیر کے شوپیاں ضلع میں بھارتی فوج کے نام نہاد آپریشن کے دوران کشمیری عوام نے زبردست احتجاج کیا اوربھارتی فورسز پر پتھراؤ کرتے ہوئے اسلام، آزادی اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ بھارتی فوج نے شوپیاں میں سر چ آپریشن کے دوران متعدد کشمیری نوجوانوں کو زبردستی گھروں میں گھس کر گرفتار کیا جس پر مقامی کشمیری مشتعل ہو گئے اور شدید احتجاج کیا۔ اس دوران بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر وحشیانہ لاٹھی چارج کیا گیا اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جس سے نصف درجن سے زائد کشمیری زخمی ہو گئے۔ امت کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فورسز نے دعویٰ کیا کہ اس علاقہ میں مبینہ طور پر کشمیری مجاہدین چھپے ہوئے ہیں۔ اس دوران شوپیاں کے نادی گام علاقہ کی طرف سے آنے والے تمام راستے سیل کر دیے گئے۔ آپریشن میں 24راشٹریہ رائفلز، 23پیرا ملٹی اور ٹاسک فورس نے حصہ لیا اور کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ مقامی کشمیریوں میں اس وقت زبردست اشتعال پھیل گیا جب بھارتی اہلکارو ں نے نوجوانوں کو گرفتار کیا اور کشمیریوں کے گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی گئی۔امت کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے نادی گام کی طرح قرب و جوار کے علاقوں میں بھی اضافی نفری تعینات کر دی ہے اور وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ آخری اطلاعات آنے تک بھارتی فوج کا نام نہاد سرچ آپریشن جاری تھا۔ اس دوران بھارتی فورسز کی جانب سے پھینکا گیا ایک شیل مقامی کشمیری کے گھر کے اندر گر کر پھٹا جس سے آگ لگ گئی اور قیمتی سامان کا نقصان ہوا تاہم مقامی کشمیریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھا دی۔ بھارتی فورسز کی جانب سے پلوامہ کے کریم آباد اور دیگر علاقوں میں بھی نام نہاد آپریشن کیا جارہا ہے۔ کریم آباد سے دو سگے بھائیوں سمیت چار افراد کو گرفتار کیاگیا ہے جس پر مقامی کشمیری سراپا احتجاج ہیں۔