خورشید شاہ کی حکومت کو معاشی بہتری کیلئے مشاورت کی پیشکش
سکھر (نمائندہ امت) پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید احمد شاہ نے حکومت کو معاشی بہتری کیلئے مشاورت کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ایک ماہ میں ہی معیشت کا بھٹہ بٹھا دیا۔ ہر طرف خوف اور بے چینی کا عالم ہے۔ سکھر میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیسے تیسے کرکے ملک عمران خان کے حوالے کردیا گیا۔ حکومت کی ناکام پالیسیوں کے نتائج ضمنی انتخابات میں سامنے آگئے۔ ڈالرکے بڑھتے ہی دس ہزار ارب قرضہ مزید بڑھ گیا۔ ایک ہی دن میں ڈالر کی قیمت میں بیس روپے کا اضافہ ناقابل یقین ہے اس کے پیچھے کیا محرکات ہیں جلد سامنے آجائیں گے۔ حکومت کے پاس عددی اکثریت کم ہے مگر حکومت کو تعاون کا یقین دلا کر کہتے ہیں کہ کسی بھی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں کریں گے۔ حکومت آشیا اسکیم سے بڑھ کر بڑا سکینڈل کرنے جارہی ہے۔