این اے 60 – نتائج کیخلاف سجاد خان کا عدالت جانے کا اعلان
راولپنڈی(نمائندہ امت)مسلم لیگ ن کے امیدوارسجادخان نےاین اے60 کےنتائج کو مستردکرتےہوئےکہاکہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی اورانگوٹھوں کےنشان کی تصدیق کروانےکےلیےعدالت میں جائیں گے، 80 فیصد نتائج میں ن لیگ جیت رہی تھی جس کےبعد اچانک آر ٹی ایس سسٹم خراب ہوا اور نتائج میں مبینہ ردوبدل کرکےوفاقی وزیرشیخ رشید کے بھتیجے کوصرف 647 ووٹوں سےجتوایا گیا، پاک فوج کا انتخابات کے دوران نظم و ضبط قائم رکھنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مری روڈ پر مرکزی الیکشن آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے سجاد خان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ کے پولنگ ایجنسٹس کو ملنے والے فارم 45 میں ہماری جیت واضح تھی لیکن راتو ں رات نتائج میں تبدیلی کی گئی اور مخالف امیدوار کو جتوادیا گیا، سجاد خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے وفاقی وزیر شیخ رشید نے کھلم کھلا اپنے بھتیجے کی انتخابی مہم چلائی ، الیکشن کمیشن کو درخواستوں کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا گیا جبکہ شیخ رشید اپنے بھتیجے کی جیت کے لیے حلقے میں مکانوں اور نوکریوں کے فارم ایسے تقسیم کرتے رہے جیسے بچوں میں ٹافیاں تقسیم کی جاتی ہیں، اور ریلوے کی زمینوں پر رہائش پذیر ووٹرز کو این او سی منسوخ کرنے کی دھمکیاں دی گئیں، ان کا کہنا تھا کہ نتائج میں تاخیر اور ردوبدل کے بعد لیگی کارکنوں میں خاصا اشتعال تھا حالات کو پرامن رکھنے کے لیے ن لیگ کی مرکزی قیادت نے مجھ سے رابطہ کیا اور حالات کو قابو رکھنے کی ہدایت کی، ہمارے کارکنوں نے نتائج پر ردوبدل کے باوجود کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا، سجاد خان کا کہنا تھا کہ 600 ووٹوں سے جیت کوئی جیت نہیں ہوتی، اتنے ووٹوں کی جیت پر شیخ رشید کو مشورہ دیتا ہوں کہ وزارت سے استعفی دے دیں ، این اے 60 کے نتائج نے ثابت کردیا کہ راولپنڈی مسلم لیگ ن کاقلعہ ہے۔