شہری زخمی کرنیوالی امریکی سفارت کار پر مقدمہ درج – گاڑی ضبط
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی آئی ڈی سی سول لائن کے قریب نیوی ملازم کو ٹکر مار کر زخمی کرنیوالی امریکی سفارت کار کیخلاف مقدمہ درج کرکے گاڑی ضبط کرلی گئی، تاہم فوری طور پر گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ واقعے کے بعد عوام نے گاڑی گھیر لی۔ گاڑی خاتون سفارت کار چلارہی تھی ، جسے امریکی قونصل خانے کی دوسری گاڑی آکر لے گئی۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی ڈی سی سول لائن کے قریب امریکی قونصل خانے کی گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شہری زخمی ہوگیا، واقعے کے بعد لوگوں نے گاڑی گھیر لی۔ مذکورہ گاڑی امریکی قونصلیٹ کی ہے، جسے خاتون چلارہی تھی جبکہ گاڑی میں ایک گن مین بھی موجود تھا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو کے مطابق زخمی شخص عبدالجبار پاک بحریہ کا سابق اہلکار اور سویلین کے طور پر کام کرتا تھا، جو حادثے کے وقت ڈیوٹی ختم کرکے گھر جارہا تھا۔ بعد ازاں امریکی قونصلیٹ سے دوسری گاڑی آئی اور خاتون کو اپنے ساتھ لے گئی لیکن مذکورہ گاڑی کو وہیں چھوڑ دیا گیا، جس کے بعد پولیس نے گاڑی تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردی۔ ایس ایچ او سول لائن ارشد جنجوعہ نے بتایا کہ واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 60/18 زخمی عبدالجبار کی مدعیت میں سفارت کار ایلزبتھ ڈان کیخلاف درج کرلیا گیا ہے۔ ایس ایچ او کا مزید کہنا ہے کہ زخمی کو معمولی چوٹیں آئی ہیں، جس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی نیوی عملہ بھی معاونت کیلئے تھانے پہنچ گیا تھا۔