سینیئر کرکٹرز اور ہیڈ کوچ میں اختلافات بڑھنے لگے

0

قیصر چوہان
قومی ٹیم میں شامل سینئر کرکٹرز اور ہیڈ کوچ کے درمیان میں بڑھتے اختلافات سے پاکستان کرکٹ بورڈ پریشانی میں مبتلا ہوگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مکی آرتھر نے چند کھلاڑیوں پر دبئی ٹیسٹ کے نتائج پر اثراز انداز ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ جبکہ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ غیر ملکی کوچ بدستور محمد حفیظ کے مخالف ہیں۔ ٹیم میں ان کی شمولیت پر سلیکشن کمیٹی سے ہیڈ کوچ نے ناراضگی ظاہر کی تھی۔ تاہم محمد حفیظ کی ٹیم میں دوبارہ واپسی پر سرفراز احمد سمیت تمام کھلاڑیوں نے والہانہ استقبال کیا۔ ساتھ ہی حفیظ نے سنچری جڑ کر ہیڈ کوچ کی مخالفت کو غلط ثابت کر دکھایا۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر قومی ٹیم کے کپتان سرفراز کی پروفیسر سے بڑھتی قربت پر نالاں ہیں۔ انہوں نے غیر ملکی جریدے میں سرفراز پر میچ پلان پر عمل نہ کرنے کی شکایت بھی کی ہے۔ اس بات کے خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں کہ دوسرا ٹیسٹ میچ بھی اختلافات کی زد میں آسکتا ہے۔ دوسری جانب کرکٹرز کوچ تبدیل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے سنیئر کھلاڑی پہلے بھی مکی آرتھر کی رویے کی شکایت پی سی بی کو کر چکے ہیں۔ لیکن بورڈ نے یہ موقف اپنایا کہ ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جا سکتی، کیونکہ ان کی موجودگی میں ٹیم نے کئی سیریز میں اچھا پرفارم کیا۔ تاہم چیئرمین پی سی بی احسان مانی مکی آرتھر سے جلد ملاقات کر کے اس مسئلے پر بات کریں گے۔ ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے متنازع انٹرویو پر ابو ظہبی میں ٹیم انتظامیہ سے وضاحت طلب کر لی ہے۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو انٹرویو میں مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ دبئی ٹیسٹ کے آخری دن سرفراز نے سینئر کرکٹرز کے مشورے پر عمل کیا اور میرے مشورے کے بر عکس یاسر شاہ اور محمد عباس کے ساتھ بالنگ شروع نہیں کی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر دبئی ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد خراب حکمت عملی کا ملبہ کپتان سرفراز احمد پر ڈال رہے ہیں اور میڈیا میں یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ بالنگ میں تبدیلیاں کپتان کی غلط حکمت عملی کا نتیجہ ہیں۔ مکی آرتھر نے ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے 48 گھنٹے بعد ہی ٹیم کی شکست پر میڈیا کو انٹرویو دے کر پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے، جس پر بورڈ نے ہیڈ کوچ کے متنازعہ انٹرویو پرٹیم انتظامیہ سے جواب طلب کرلیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کا رویہ ایشیا کپ کے بعد تبدیل ہوا ہے۔ جب سے سرفراز احمد نے مکی آرتھر کی ہدایات کو نظر انداز کرکے محمد حفیظ کو طلب کیا اور محمد حفیظ نے دبئی ٹیسٹ میں سنچری بناکر ہیڈ کوچ کو بھرپور جواب دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کے بارے میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے کھلاڑی بھی یہی رائے رکھتے تھے کہ وہ بعض دفعہ خود غرض ہوجاتے ہیں۔ ایشیا کپ کے بعد کپتان کے ساتھ ان کے رویے میں تلخی کے اشارے مل رہے ہیں۔ ادھر پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ امکان ہے کہ منگل سے شروع ہونے والے ابو ظہبی ٹیسٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم انتظامیہ اوپنر فخر زمان اور فاسٹ بالر میر حمزہ کو ٹیسٹ کیپ دے گی۔ فخر زمان ایشیا کپ میں بری طرح ناکام ہوئے تھے۔ اس کے باوجود ٹیم انتظامیہ فخر زمان کو ایک اور موقع دینے کے لئے تیار ہے۔ جبکہ لیفٹ آرم فاسٹ بالر میر حمزہ پہلی بار پاکستان کے لئے انٹر نیشنل میچ کھیلیں گے۔ پاکستانی ٹیم دوسرا ٹیسٹ کھیلنے دبئی سے ابوظہبی پہنچ چکی ہے، جہاں اس نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر معظم احمد خان کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ میں شرکت کی۔ پاکستانی ٹیم نے گزشتہ روز شیخ زید اسٹیڈیم میں پہلے پریکٹس سیشن میں بھی حصہ لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمی امام الحق کی جگہ اننگز کا آغاز فخر زمان اور محمد حفیظ کریں گے۔ جبکہ آئوٹ آف فارم فاسٹ بالر وہاب ریاض کی جگہ میر حمزہ لیں گے۔ وہاب ریاض نے دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 11 اوورز میں 39 رنز دیئے تھے۔ دوسری اننگز میں 16 اوورز میں 42 رنز دیئے۔ لیکن دونوں اننگز میں وہ وکٹ حاصل نہیں کرسکے تھے۔ امام الحق نے پہلی اننگز میں 76 رنز بنائے تھے اور محمد حفیظ کے ساتھ پہلی وکٹ پر ریکارڈ 205 رنز بنائے تھے۔ دوسری اننگز میں امام الحق نے 48 رنز بنائے۔ 28 سالہ فخر زمان پاکستان کی جانب سے23 ون ڈے اور 22 ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔ ایشیا کپ میں فخر زمان نے ہانگ کانگ کے خلاف24 اور بھارت کے خلاف31 رنز بنائے تھے۔ دو میچوں میں وہ صفر پر آوٹ ہوئے۔ ایشیا کپ کی ناکامی کے باوجود ٹیم انتظامیہ فخر زمان کو ساتھ رکھ رہی ہے۔ 26 سالہ میر حمزہ کا تعلق کراچی کے علاقے میٹروول سائٹ سے ہے۔ وہ پاکستان کی جانب سے پہلا ٹیسٹ کھیلیں گے۔ تاہم وہ56 فرسٹ کلاس میچوں میں 278 وکٹ حاصل کر چکے ہیں۔ حسن علی اور فہیم اشرف کی موجودگی میں ٹیم انتظامیہ میر حمزہ کو اہمیت دے رہی ہے۔ ٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More