ون وے توڑنے پر مزید 109شہری دھرلئے -گرفتار 60 رہا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ون وے کی خلاف ورزی مزید 109 شہریوں کو دھر لیا گیا جبکہ گرفتار 60 افراد کو رہا کردیا گیا۔ کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر احمد شیخ کی ہدایات پر ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کے خلاف ساتویں روز بھی ٹریفک پولیس کا کریک ڈاون جاری رہا، شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک پولیس نے کاروائی کے دوران 109 ڈرائیورز کو گرفتار کیا جبکہ 3247 ڈرائیورز کے چالان کئے گئے اور 6لاکھ 10ہزار روپے کاجرمانہ کیا گیا۔ منگل کے روز جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالتوں میں پولیس کی جانب سے رانگ وے کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں گرفتار 60 سے زائد شہریوں کو پیش کیا گیا ، پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کو مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے ، ملزمان رانگ وے کی خلاف ورزی کے جرم میں گرفتار ہوئے ہیں ، دوران سماعت شہریوں کی جانب سے رانگ وے کی خلاف ورزی کرنے پر معافی مانگی گئی ، شہریوں کا کہنا تھا کہ آئندہ ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کیا جائے گا،عدالت نے شہریوں کو 10،10 ہزار روپے کے عوض رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔