سول ایوی ایشن-2ریٹائرڈ افسروں کی دوبارہ بھرتی سے سنیارٹی متاثر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سول ایوی ایشن اتھارٹی میں ریٹائر ہونے والوں کی جگہ نئی بھرتی کرنے کے بجائے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو کنٹریکٹ پر دوبارہ بھرتی کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے نوجوانوں میں مایوسی پھیل رہی ہے ۔ ریٹائر ہونے والے ملازمین کو دوبارہ اسی پوسٹ پر کنٹریکٹ پر تقرری سے سول ایوی ایشن اتھارٹی میں ترقی کا عمل بھی منجمد ہوگیا ہے ۔ اب تک لاہور میں ایچ آر کے شعبہ سے ریٹائر ہونے والے ایڈیشنل ڈائریکٹر چودھری اشرف شاد، کراچی میں ائرپورٹ پورٹ سروسز سے ریٹائر ہونے والے ایڈیشنل ڈائریکٹر نعیم راشد اور اکاؤنٹس برانچ میں چیک سیکشن کے کلریکل اسٹاف سلیم کو حال میں ہی ہونے والی ریٹائرمنٹ کے بعد کسی نہ کسی صورت میں دوبارہ بھرتی کیا جاچکا ہے۔ رواں اور آئندہ برس سی اے اے سے 100 کے لگ بھگ ایڈیشنل ڈائریکٹراور جوائنٹ ڈائریکٹر ریٹائر ہورہے ہیں جن میں سے زیادہ تر دوبارہ بھرتی ہونے کے لئے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں ۔ ریٹائر ہونے والے زیادہ تر ملازمین کو دوبارہ بھرتی کرنے کے لئے جواز پیش کیا جاتا ہے کہ ان کا نعم البدل ادارے میں کوئی نہیں ہے اور ان کے جانے کے بعد ان کے حصے کا کام کوئی اور نہیں کر پائے گا ۔ جب کہ ایچ آر کے قواعد کی رو سے کسی بھی افسر کے ریٹائر ہونے سے ایک سال قبل ہی سینیارٹی میں دوسرے نمبر کے افسر کو چارج لینے کے لیے پیشگی متعین کیا جاسکتا ہے جس کی مستقبل کی پوسٹ کے ساتھ ڈیزیگنیٹ بھی لکھا جاسکتا ہے۔جبکہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق ساٹھ سال سے زائد عمر کے ریٹائر شدہ ملازم کو کسی بھی صورت میں دوبارہ بھرتی نہیں کیا جاسکتا ہے۔