بغیر کمیشن امتحان 1000ڈاکٹرزبھرتی کرنے کا فیصلہ

0

کراچی (رپورٹ: ارشاد کھوکھر) حکومت سندھ نے فوری طورپر سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کے بغیر ایک ہزار ڈاکٹروں کو کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،جن میں 600 سے زائد اسپیشلسٹ ڈاکٹرز شامل ہوں گے ،جنہیں گریڈ 18 میں بھرتی کیا جائے گا ۔ اس کے علاوہ سندھ پبلک سروس کمیشن کے توسط سے بھی مزید تقریباً 1700ڈاکٹرز کی بھرتی کا معاملہ آخری مرحلے میں ہے ۔ اس ضمن میں باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت منعقدہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں محکمہ صحت میں ڈاکٹرز کی بھرتی کا معاملہ بھی زیر غور آیا ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مختلف اسپتالوں اور صحت کے مراکز میں ماہر ڈاکٹرز کی شدید قلت ہے اور مختلف شعبوں کے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز سرکاری نوکری کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے اور بھرتی ہونے کے بعد بھی نوکری چھوڑ جاتے ہیں ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت سندھ تھرکے علاقے کے لئے جو ماہر ڈاکٹر بھرتی کرتی ہے یا جو ماہر ڈاکٹر تھر میں ڈیوٹی کرتے ہیں انہیں ماہانہ ایک لاکھ 40ہزار روپے کی تنخواہ کے علاوہ خصوصی الاؤنس دیا جاتا ہے ، جبکہ باقی علاقوں میں ماہر ڈاکٹرز کو ایسا الاؤنس نہیں ملتا ۔ اجلاس میں محکمہ صحت کے حکام نے موقف اختیار کیا کہ ڈاکٹرز کی قلت پوری کرنے کے لئے 600سے زائد ماہر ڈاکٹرز کے سمیت ایک ہزار سے زائد ڈاکٹرز کو بھرتی کرنے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں کنٹریکٹ پر ڈاکٹرز کی بھرتی کیلئے محکمہ صحت کے سالانہ بجٹ میں گزشتہ تقریباً 3 برس سے کروڑ روپے مختص کئے جاتے ہیں ، لیکن ڈاکٹرز کی بھرتی نہ ہونے کے باعث مذکورہ رقم لیپس ہوجاتی ہے اور اخراجات میں منتقل کی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں محکمہ صحت کے حکام نے موقف اختیار کیا کہ مذکورہ ڈاکٹرز کو فوری طورپر بھرتی کرنے کی ضرورت ہے ۔ مذکورہ بھرتیاں اگر سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی جائیں گی ، تو اس میں 6 سے 10ماہ تک لگ سکتے ہیں ۔ اس لئے مذکورہ بھرتیاں کنٹریکٹ کی بنیاد پر متعلقہ امیدواروں سے تحریری امتحان کے بغیر انٹرویو کے بنیاد پر کی جائیں ۔ کیونکہ مذکورہ بھرتیاں کنٹریکٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ نے منظوری دے دی۔ محکمہ صحت میں ڈاکٹروں کی قلت پوری کرنے کے لئے سندھ پبلک سروس کمیشن کی سفارش پر گزشتہ مالی سال کی آخر میں تقریباً 2800خواتین اور 2800مرد ڈاکٹرز بھرتی ہوچکے ہیں اور سندھ پبلک سروس کے توسط سے مزید تقریباً 1700ڈاکٹرز کی بھرتی کا معاملہ بھی آخری مراحل میں ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More