کراچی(اسٹاف رپورٹر) منشیات فروشوں نے سوشل میڈیا ذریعے منشیات سپلائی کا مضبوط نیٹ ورک قائم کرلیا۔ذرائع کے مطابق اس دھندے کیلئے منشیات فروشوں نے کمپیوٹر ایکسپرٹ کی خدمات حاصل کرلی ہیں جو کسی بھی کسٹمر کی جانب سے منشیات کی آنے والی درخواست کو اپنے گروپ کے ان کارندوں تک بمعہ نام پتہ پہنچا دیتے ہیں جو آگے منشیات سپلائی کرتے ہیں۔ جب کہ فیس بک اور واٹس ایپ کے خفیہ گروپس پر منشیات کی بکنگ کیلئے کئی کوڈ رکھے گئے ہیں، بے بی پاؤڈر سے مراد ہیروئن ، چاکلیٹ سے مراد چرس ،آئس کریم سے مراد آئس یا کرسٹل نشہ ہوتا ہے جب کہ بعض منشیات فروشوں نے مختلف ریستورانوں پر کام کرنے والے ڈیلوری بوائیز کو بھی اپنے گروپوں میں شامل کر رکھا ہے جنہیں ایک ڈلیوری ٹھیک طرح سے پہنچانے کی مزدوری 500سے 600روپے دی جاتی ہے۔