زرداری کی لوائی- غنی مجید سے طویل مشاورت
کراچی(اسٹاف رپورٹر) منی لانڈرنگ کیس کی سماعت منگل کو بینکنگ کورٹ کے جج کی رخصت کے باعث 13نومبر تک ملتوی کر دی گئی ۔مقدمے کی سماعت کیلئے عدالت میں موجود سابق صدر آصف علی زرداری نےگرفتار حسین لوائی اور عبداغنی مجید سے کمرہ عدالت میں مختلف امور پر طویل مشاورت کی۔ مقدمے کی سماعت کے موقع پر رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور کے علاوہ ضمانت پر رہا ذوالقرنین مجید ،نمر مجید اورعلی مجیدکے علاوہ ڈی بلوچ کے شہزاد بلوچ پیش ہوئے ۔جیل حکام نے مقدمے میں گرفتار حسین لوائی ، اور عبدالغنی مجید کو عدالت میں پیش کیا ۔منگل کو جیل حکام کی جانب سے ملزم انور مجید کی جانب حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا گیا کہ گرفتارانور مجید کو علاج کےلئے اسپتال متنقل کیاجا چکا ہے۔ایف آئی اے نے مقدمے کی مشترکہ تحقیقات جاری ہونے کے بعد حتمی چالان جمع کرانے کے لئے مہلت کی درخواست دائر کی۔ درخواستوں کو ریکارڈ کا حصہ بنا لیا گیا ہے ۔پیپلز پارٹی سندھ کے وزرا امتیاز شیخ اور ناصر شاہ اوررہنما نادیہ گبول کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جو آصف علی زرداری کے ساتھ تصاویر بنوانے کی کوشش کرتے دکھائی دیے۔کیس میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری ، ان کی بہن فریال تالپور ،نمر مجید ، علی مجید، اور ذوالقرنین و دیگر نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔مقدمہ میں نصیر عبداللہ حسین لوتھا ، اعظم وزیر خان اور محمد عارف خان سمیت 5 ملزمان مفرور ہیں ۔