سی ڈی ڈبلیو پی نے3 بڑے منصوبے ایکنک کو بھجوا دیئے

0

اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) وزارت منصوبہ بندی کی سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی)نے ایک کھرب 41 ارب 93 کروڑ روپے کے 8 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے تین بڑے منصوبے حتمی منظوری کے لیے قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی (ایکنک)کو بھجوا دیے ہیں۔ سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس بدھ کےروز ڈپٹی چئیرمین و وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی خسرو بختیار کی زیر صدارت ہوا، جس میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن، وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلی حکام نے شرکت کی ۔اجلاس میں توانائی، خوراک و زراعت، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، فزیکل پلاننگ و ہاوسنگ، ٹرانسپورٹ اور مواصلات سے متعلق منصوبے پیش کیے گئے ۔ توانائی کے شعبے میں وزارت توانائی نے صوبہ پنجاب میں بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 220 کلو واٹ فقیریاں سے لڈے والا گرڈ سٹیشن کی تعمیر کے لیے ساڑھے 5 ارب روپے سے زائد کا منصوبہ پیش کیا جسے کمیٹی نے منظوری کے بعد حتمی منظوری کے یے ایکنک بھجوا دیا۔ خوراک و زراعت کے شعبے میں ڈیرہ اسماعیل خان ایرڈ زون ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی اپ گریڈیشن اور قبائلی علاقے اور خیبر پختون خوا کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں زراعت کی پیداوار کو بہتر بنانے کے لیے 69 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے منظور کر لیا گیا۔ منصوبے کا مقصد علاقے میں بہتر زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال سے غربت میں کمی لانا ہے، جبکہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ صوبائی اور عالمی تحقیقی اداروں سے رابطہ بڑھانے کا ذریعہ بنے گا۔ فزیکل پلاننگ و ہاوسنگ کے شعبے میں کمیٹی نے حکومت پنجاب کے لاہور شہر کو پانی کی فراہمی اور ویسٹ واٹر مینجمنٹ کے لیے 67 ارب 50 کروڑ36 لاکھ روپے کے منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے اسے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا۔ اس منصوبے کے تحت باقاعدہ ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار کا اس منصوبے کے لیے کہنا تھا کہ لاہور پاکستان کا دوسرا بڑا شہر ہے اور اس شہر میں سیوریج کے نظام کو بہتر بنانے اور عوام کو صاف پانی مہیا کرنا بہت ضروری ہے۔ٹرانسپورٹ و مواصلات کے شعبے میں پشاور میٹرو بس کے لیے تقریباً 68 ارب روپے کا نظر ثانی شدہ پی سی ون بھی منظور کیا گیا جسے حتمی منظوری کے لیے ایکنک بھجوا دیا گیا ہے۔ صحت کے شعبے میں حکومت سندھ کی جانب سے سندھ میں صحت کے نظام کی نگرانی میں بہتری اور استحکام کے لیے 28 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد کا منصوبہ منظور کیا گیا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں ایک ارب9 کروڑ42 لاکھ روپے سے زائد کے 2 پوزیشن پیپرز بھی منظور کیے گئے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More