راجپوت کالونی میں 3 جھونپڑا ہوٹل مسمار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلشن اقبال راجپوت کالونی چوک پر کئی برس سے قائم 3 جھونپڑا ہوٹلوں کو بدھ کی شام کے ایم سی اور مبینہ ٹائون پولیس نے مسمار کرکے سامان اٹھا کر لے گئی۔ہوٹل مالکان ظفر اور رفیق نے بتایا کہ ہم غریب لوگ ہیں۔چھپرا ہوٹل سے ہمارے گھر کا خرچہ چلتا تھا۔ہم کے ایم سی کو 2 ہزار روپے ہفتہ، پولیس موبائلوں کو مفت کھانے کے ساتھ اہلکاروں کو رقم بھی دیتے تھے۔انہوں نے الزام لگایا کہ چند روز قبل کے ایم سی والوں نے 10 ہزار روپے ہفتہ مانگا، جو نہ دینے پر ہوٹل گرائے گئے۔ وڈیو بنانے والے 2 افراد کے موبائل فون بھی پولیس اہلکار چھین کر لے گئے۔ایک شخص کو ہزار روپے لیکر چھوڑ دیا۔