کراچی (اسٹاف رپورٹر)شادی ہالز مالکان نے کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ سے ملاقات کی ،جس میں شادی کی تقریبات کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کے بارے میں متفقہ فیصلے کیے گئے۔ ان کے مطابق شادی ہالز میں تقریبات ہر صورت رات 12 بجے ختم کر دی جائیں گی۔ لائٹس ساڑھے 11 بجے بند اور تقریب ختم کرنے کے اعلانات شروع کئے جائیں گے۔ آتشبازی، پٹاخوں، فائر کریکرز یا ہوائی فائرنگ کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہوائی فائرنگ یا آتش بازی کی ذمہ داری دولہا یا اس کے والدین پر ہوگی اور دولہا یا اس کے رشتہ داروں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا، ہر شادی لان کے ضروری حصوں کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹر کیا جائے گا۔ کیمرے لگانے کا کام فوری طور پر شروع کرنے کا حکم دیا گیا۔ شادی ہالز میں تقریبات کے دوران اطراف میں ٹریفک جام کے معاملات کا جائزہ لینے کے لئے ایس ایس پی ٹریفک کی سربراہی میں کمیٹیاں بنانے کا اعلان کیا گیا،ہر ضلع کی کمیٹی میں ایس ایس پی ٹریفک کے علاوہ ایس ایچ او، ایس او ٹریفک اور شادی ہالز مالکان کے نمائندے شامل کیے جائیں گے۔ کمیٹی شادی ہالز کے اطراف مہمانوں کی گاڑیوں کی پارکنگ کے معاملات کا جائزہ لے گی، جس شادی لان کے پاس مہمانوں کے لیے پارکنگ کی سہولت نہیں ہوگی اسے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، سیکورٹی اور سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر شادی لان مالکان کو 3 افراد کو ملازم رکھنے کا مشترکہ فیصلہ کیا گیا ہے۔