بلدیہ میں مدرسے کے محافظ نے خود کو گولی مارکرزندگی کا خاتمہ کرلیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ ٹاؤن میں مدرسے کے محافظ نے اپنی کنپٹی پر گولی مارکر خود کشی کرلی، جبکہ دیگر علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سعید آباد تھانے کی حدود سیکٹر 8/Cمیں واقع شان مصطفیٰ مسجد ومدرسہ جامعتہ المصطفیٰ کے پرائیوٹ سیکورٹی گارڈ 45سالہ زاہدحسین ولد منظورحسین نے خود کو گولی مارکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ ایس ایچ او عرض محمد کے مطابق گلشن غازی کے رہائشی گارڈ نے مسجد ومدرسے کے قریب واقع گارڈ روم میں اپنی 30بور پستول کی مدد سے خودکو گولی ماری، جس کی لاش کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔پولیس واقعے کی تفتیش کررہی ہے۔ گلستان جوہر پرفیوم چوک کے قریب مسلح ملزمان نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر 30سالہ علی قریشی ولد پرویز کو گولی مار کر زخمی کردیا۔ نیو کراچی کے علاقے سلیم سینٹر کے قریب نامعلوم سمت سے آنیوالی گولی لگنے سے 30سالہ ناصر ولد ہارون رشید زخمی ہوگیا۔