تجاوزات کیخلاف آپریشن پر سرجانی میدان جنگ بن گیا

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سرجانی ٹاؤن میں تجاوزات کیخلاف آپریشن میں مزاحمت پر پورا علاقہ میدان جنگ بن گیا ۔ مافیا نے آپریشن ناکام بنانے کیلئے خواتین کو ڈھا ل بنا کر پتھراؤ کیا، جس پر پولیس نے ہوائی فائرنگ و شیلنگ شروع کردی ۔ایک گھنٹے کی آنکھ مچولی کے بعد غیر قانونی تعمیرات مسمار کردی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 8میں سرکاری زمین پر قبضے اور تعمیرات کیخلاف کے ڈی اے اور محکمہ انسداد تجاوزات سیل کی ٹیم بھاری مشینری کے ہمراہ علاقے میں پہنچی تو مافیا کے کارندوں نے احتجاج شروع کردیا ۔ اسی دوران درجنوں خواتین کو ڈھا ل بناتے ہو ئے ٹیم پر پتھراؤ کیا۔اسی اثنا میں پولیس بھی پہنچ گئی، تاہم مظاہرین نے پولیس پر بھی پتھراؤ کردیا ، پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہوائی فائرنگ و شیلنگ کی ،جس سے بھگدڑ مچ گئی اور علاقہ میدان جنگ بن گیا۔ایس ایچ او آغا معشوق نے بتایا کہ مظاہرین کو منتشر کر کے کے ڈی اے کے عملے نے ناجائز تعمیرات مسمار کردی ہیں ،تاہم ابھی تک گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔ محکمے کی جانب سے مقدمہ درج کروانے پر چھاپے مارے جائیں گے ۔دریں اثنا اینٹی انکروچمنٹ عملے نے لیاقت آباد،فیڈرل بی ایریا ،گلشن چورنگی سے ڈسکو بیکری اور جمشید روڈ گرومندر چوک کے اطراف کارروائی کرکے ہوٹلوں کی کرسیاں ،ٹیبل،پتھارے،کیبن اور دیگر سامان ضبط کرلیا جبکہ حدود سے باہر آنے والی 3دکانیں مسمار کردیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More