چین سمیت دوست ممالک آئی ایم ایف سے نرم قرضہ دلانے کیلئے متحرک

0

اسلام آباد(امت نیوز/ ایجنسیاں) چین سمیت دوست ممالک پاکستان کو آئی ایم ایف سے نرم قرضہ دلانے کیلئےمتحرک ہوگئے۔ اقتصادی محاذ سے اچھی خبریں آنے لگی ہیں۔پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ کے درمیان کم شرح سود پر قرض کے حصول کیلئے مذاکرات کامیابی سےآگے بڑھ رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف میں طویل مدت میں ادائیگی کے قرضے پر بات ہو رہی ہے۔ چین بھی آئی ایم ایف پروگرام کے حصول کیلئے پاکستان کی مدد کر رہا ہے ،جب کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے مالی تعاون پر مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 2 ارب ڈالر سےکم ہوکر 1 ارب ڈالر ہونے کا امکان ہے ،جس کی وجہ برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافہ ہے۔ روپے کی قدر میں کمی، بہترمالی پالیسیاں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کرنےمیں مدد گار ثابت ہوئیں، اگست، ستمبر میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے بھیجی گئی رقوم میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے باعث اندرونی قرضہ گزشتہ برس کے مقابلے میں پہلی سہہ ماہی میں 28 فیصد کم ہو گیا ،جبکہ ملک میں صنعتی سرگرمیوں میں تیزی آئی ہے۔ برآمدات کی شرح میں ستمبر کے مہینے میں 3.55 فیصد اضافہ ہوا۔ علاوہ ازیں امریکی مالیاتی ادارے موڈیز نے تبصرہ کیا ہے کہ آئی ایم ایف سے ملنے والا فنڈ نئی حکومت کی مدد کرے گا۔ آئی ایم ایف کے آخری پروگرام کے بعد سے معاشی توازن خراب ہوا ، نئے پروگرام سے ان خرابیوں کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More