سندھ میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کو 5 نومبر تک تنخواہیں جاری کرنے کا حکم
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) سپریم کورٹ نے سندھ میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کو 5 نومبر تک تنخواہیں جار ی کرنے کا حکم دیدیا ۔جب کہ 5 ماہ کی تنخواہ جاری نہ کرنے پر سیکرٹری ہیلتھ کو شوکاز نوٹس جار ی کرتے ہوئے 5 نومبر تک رپورٹ طلب کرلی ۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز کو 5 نومبر تک تنخواہ جاری کریں، تنخواہ جاری نہ کی تو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا جائے گا۔دوران سماعت چیف جسٹس نے درخواست گزار بشریٰ آرائیں سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو سندھ میں تنخواہ ملی؟ درخواست گزار نے بتایا کہ ہمیں پانچ ماہ سے تنخواہ اور بقایا جات نہیں دیئے گئے، بلوچستان میں پی پی آئی سٹاف کو ریگولر کرنے کے بعد تنخواہیں کم کر دی ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے عید سے پہلے تنخواہ دینے کا حکم دیا تھا ۔خواتین ہر علاقے میں جا کر پولیو کے قطرے پلاتی ہیں، اس خدمت پر ان کو تنخواہ بھی نہیں دی جا رہی، سیکریٹری ہیلتھ سندھ کیوں پیش نہیں ہوئے؟۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ وہ تھر کے حوالے سے میٹنگ میں گئے ہوئے ہیں۔