انٹرویوز کی بنیاد پر 1500 ڈاکٹر ز بھر تی کریں گے۔مر تضیٰ وہاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات و قانون بیرسٹر مر تضیٰ وہا ب نے کہا ہے کہ عوام کو طبی سہولیات پہنچانے کے لیے حکومت نے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی کمی دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں بغیر تحریری امتحان کے صرف انٹرویوز کی بنیا د پر ڈیڑھ ہزار سے زائد ڈاکٹرز کی بھرتیاں کی جائیں گی۔بھرتیوں کا عمل فوری شروع کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے ڈاکٹرز کی بھرتی طویل عمل ہے۔عوام کو فوری ریلیف دینے اور وقت بچانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔اس کی منظوری سندھ کابینہ پہلے ہی دے چکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایم بی بی ایس ڈاکٹرز کی تعلیمی اسناد کی جانچ پڑتال کے بعد ان کو کنٹریکٹ کی بنیا د پر رکھا جائے گا، جبکہ بھرتی ڈاکٹروں کو بعد میں سندھ پبلک سر وس کمیشن کا امتحان پاس کرنا ہوگا۔