سانحہ ماڈل ٹاؤن میں توہین عدالت پر 2افسران کے وارنٹ
لاہور(خبرایجنسیاں)انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں ڈی آئی جی رانا عبد الجبار اور ڈی جی فوڈاتھارٹی کیپٹن (ر)محمدعثمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے عدالت نے دونوں پولیس آفیسران کو متعدد مرتبہ طلب کیا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے، عدالت نے سی سی پی او لاہور کو حکم دیا کہ وہ دونوں آفیسران کو گرفتار کر کے پیش کریں جبکہ عدالت نے ملزم اے ایس آئی وسیم اور اشرف کو اشتہاری قرار دے دیا ہے جمعہ کے عدالت کوبتایا گیا کہ ڈی آئی جی رانا عبد الجبار اور کیپٹن (ر) محمد عثمان طلبی کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے ریکارڈ چیک کیا تو پتہ چلا کہ متعدد مرتبہ ان آفیسروں کو نوٹس جاری کیے گئے تھے تاہم یہ عدالتی حکم کی تعمیل نہیں کررہے تھے اس پر عدالت نےسابق ڈی آئی جی رانا عبدالجبار اور کیپٹن(ر) محمد عثمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کو حکم دیا ہے کہ وہ دونوں آفیسروں کو آج (ہفتہ ) کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے جبکہ عدالت نے کیس میں پیش نہ ہونے پر اے ایس آئی اشرف اور اے ایس آئی وسیم کو اشتہاری قرار دے دیا ہے عدالت نے کیس کی مزید سماعت آج (ہفتہ ) تک ملتوی کر دی۔