میڈیکل اسٹورکے سامنے رکشہ کھڑا کرنے پر ڈرائیور قتل
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورنگی میں میڈیکل اسٹور کے سامنے رکشہ کھڑا کرنے پر اسٹور مالک اور ملازمین نے تشدد کرکے ڈرائیور قتل کردیا۔ پولیس نے اسٹور کے مالک سمیت 4 ملازمین حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی نمبر 5میں عاصم میڈیکل اسٹور کے سامنے رکشہ ڈرائیور نے اپنا رکشہ کھڑا کیا تو اسٹور کے مالک نے رکشہ ہٹانے کا کہا جس پر رکشہ ڈرائیور23سالہ شرجیل ولد عبید اور اسٹور کے مالک کا جھگڑا ہوگیا، اسٹور پر موجود چار ملازمین نے مالک کے ساتھ مل کر رکشہ ڈرائیور پر لاتوں اور مکوں کی بارش کردی جس سے وہ موقع پر ہلاک ہوگیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال پہنچاتے ہوئے میڈیکل اسٹور کے مالک اور چار ملازمین کو حراست میں لے لیا، ایس ایچ او شاہد کا کہنا ہے کہ مقتول کورنگی نمبر 6کا رہائشی تھا ۔ زیر حراست افراد واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کررہے ہیں تاہم تفتیش کے بعدان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی ۔