سابق سربراہ انٹر پول کی اہلیہ عالم اداروں سے مایوس
لیون(امت نیوز) انٹرپول کے سابق سربراہ مینگ ہونگ وائی کی اہلیہ گریس مینگ نے کہا ہے کہ ان کے شوہر کو چین میں دوران حراست قتل کیا جاسکتا ہے۔بی بی سی کو انٹرویو میں گریس نے کہا کہ میرا مینگ ہونگ سے تاحال براہ راست رابطہ نہیں ہوسکا اس لیے مجھے یقین نہیں کہ میرے شوہر اب زندہ بھی ہیں یا نہیں۔ میں اور میرے بچے اُن کے منتظر ہیں۔ 23 ستمبر سے میں نے شوہر کی آواز نہیں سنی ۔اپنے دو بچوں کے ہمراہ فرانس میں مقیم گریس مینگ چینی حکام کی حراست میں اپنے شوہر کی زندگی کے لیے عالمی اداروں سے رجوع کررہی ہیں لیکن تاحال کہیں سے کوئی مثبت جواب نہیں آیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گمشدگی کے دو روز بعد شوہر نے انہیں پیغام بھیجا تھا جس میں ایک خنجر دکھایا گیا تھا جسے میں نے ان کی زندگی خطرے میں ہونے سے تعبیر کرتے ہوئے عالمی اداروں کو اُن کی گمشدگی اور پیغام سے آگاہ کیا تھا۔ 8 اکتوبر کو چین نے انہیں حراست میں لیے جانے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سابق وزیر کیخلاف رشوت خوری اور کرپشن کی تفتیش کی جارہی ہے۔