بیجنگ (امت نیوز) چین نے مصنوعی چاند سےاپنے شہروں کی راتیں روشن کرنے کا منصوبہ بنا لیا۔چین نے ایسا سیٹلائٹ تیار کیا ہے جو چاند جیسی روشنی فراہم کرے گا۔اسے اگلے دو برس میں خلا میں بھیج دیا جائے گا۔ یہ سیٹلائٹ عام چاند کے مقابلے میں 8گنا زائد روشنی خارج کرے گا جس کے بعد سڑکوں کی روشنیوں کی ضرورت ختم ہوجائے گی۔چینی سائنسدانوں نے سولر پینل جیسے آئینوں پر خاص قسم کی کوٹنگ کی ہے جو سورج کی روشنی کو انتہائی درجے تک منعکس کرکے جنوبی صوبے سی چوآن سے منسلک شہر چِنگ دو کی جانب بھیجیں گے۔ سیٹلائٹ چین کے قریب رہتے ہوئے مدار میں گردش کرے گا اور اس میں روشنی کی مقدار کو سیٹ کیا جا سکے گا۔ اس نوعیت کے کُل 3مصنوعی چاند 2022تک خلا میں بھیجنے کا ہدف ہے۔ یہ چاند خاص طور پرسول مقامات کو روشن کرنے کے لئے استعمال کئے جائیں گے اور ان کی مدد سے 1.2بلین ین مالیت کی بجلی کی بچت ہو گی۔ ان سیٹلائٹوں کو دنیا سے 500کلو میٹر فاصلے کے مدار میں رکھا جائے گا۔ زمین پر انسان اسے صرف ایک ستارے کی شکل میں دیکھیں گے۔