کوئٹہ (نمائندہ خصوصی)چاغی کے پاک ایران سرحدی علاقے تالاپ میں ایرانی حدود سے بیک وقت متعدد مارٹر گولے فائر کیے گئے جو زور دار دھماکے سے میدانی علاقے میں گر کر پھٹ گئے۔لیویز ذرائع کے مطابق دو درجن کے لگ بھگ مارٹر گولے پاکستانی سرحد کے اندر 2 کلومیٹر کی حدود میں گرے جہاں آس پاس کئی آبادیاں ہیں لیکن خوش قسمتی سے کوئی انسانی جانی نقصان نہیں ہوا البتہ مارٹر گولے لگنے سے متعدد مویشی ہلاک ہوگئے. اہل علاقہ نے مقامی صحافیوں کو مارٹر گولے کے شیل دکھاتے ہوئے کہا کہ ایرانی حدود سے گولہ باری کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گئی ہے جس کی وجہ سے لوگ رات کو سفر بھی نہیں کرسکتے جبکہ ایرانی فورسز نے سرحد کے قریب کئی پاکستانی شہریوں کو کھیتی باڑی سے بھی روک دیا ہے. چاغی کے معروف سیاسی و قبائلی رہنما میر عمیر محمدحسنی نے ایرانی سرحدی حدود سے پاکستانی علاقے میں گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے اس معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی اور کہا کہ سرحد پار گولہ باری سے لوگ اپنے گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی کر گئے جو باعث افسوس ہے۔