معیشت کے لئے خطرے کی گھنٹی نہیں بج رہی۔ اسد عمر
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ معاشی آزادی کے بغیر نیشنل سیکورٹی کاکوئی تصور نہیں ،ہمارا ہدف محصولات میں اضافہ ہے۔کراچی میں تاجروں سے خطاب میں اسد عمر نے کہا کہ ٹیکس ری فنڈنگ کا نیا نظام لارہے ہیں۔اوورسیز پاکستانیوں سے قرض لیں گے اور انہیں اچھا منافع ادا کریں گے ۔نیپرا کی تجویز ہے کہ بجلی مزید 3 روپے 89 پیسے مہنگی کردیں۔پنجاب میں ایکسپورٹ انڈسٹری کیلئے گیس کی قیمت کم کی ، پیٹرولیم پر ٹیکس کم کیے ہیں۔اسد عمر نے تاجر برادری کے تحفظات دور کرنے کےلئے چیئرمین ایف بی آر سے میٹنگ کرنے کا وعدہ بھی کیا۔دریں اثناپاکستان اسٹاک ایکسچینج کراچی میں بروکرز سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہوگا،ان کا کہنا تھاکہ قرضہ لینا گناہ نہیں اس پر سیاست بہت ہوتی ہے، 15 ارب روپے اس سال قرضے واپس کرنے پر استعمال کریں گے۔میڈیا میں معیشت پر بہت طوفان نظر آرہا ہے مگر ایسا نہیں اور کوئی ایسی خطرے کی گھنٹی نہیں بج رہی۔ کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم ہوگا۔ 7سے 8 ماہ میں ڈالر کی قدر میں 26 ،27فیصد کمی ہوگی،معاملات کنٹرول میں آرہے ہیں۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ امپورٹرز نے روپےکی قدر کم ہونے سے انونٹری پر اربوں روپےکمائے۔ اسٹاک ایکسچینج کے لیے بھر پور اقدامات ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کاروبار کرنا بہت مہنگا کردیا ہے، ادراک ہے، کاروباری اور سرمایہ کاری کے ماحول کو مجموعی طور پر بہتر بنانا ہے، کیپیٹل مارکیٹ کی بہتری کے لیے بھی کام کریں گے۔