سیاسی دباو – بنی گالہ میں تجاوزات کیخلاف آپریشن میں سی ڈی اے کی عدم دلچسپی
اسلام آباد(ناصرعباسی ) سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے)حکام اور اسلام آباد انتظامیہ سیاسی دباؤ کے پیش نظر نالہ کورنگ کے اطراف غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کیخلاف نمائشی آپریشن کے ذریعے خانہ پوری کرنے لگی۔10روز سے زائد کاعرصہ گزرنے کے باوجود نالہ کورنگ کے اطراف قائم غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کو ختم نہیں کروایا جاسکا ۔ذرائع کے مطابق بھارہ کہو، بنی گالہ سمیت زون 4 میں اہم سیاسی شخصیات کے دباؤ کے پیش نظر سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ آپریشن میں عدم دلچسپی ظاہر کر رہی ہے ۔آپریشن کیلئے مقرر کردہ وقت پر کبھی سی ڈی اے کی جانب سے بھاری مشینری پہنچانے میں تاخیر برتی جاتی ہے تو کبھی سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کی موقع پر عدم موجودگی کے سبب آپریشن نمائشی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے ۔دس روز سے جاری آپریشن کے دوران اب تک نالہ کورنگ کے اطراف غیر قانونی طور پر تعمیر کردہ صرف چند مکانات ہی مسمار کیے گئے ہیں اور صرف 50 سے 60 کنال اراضی واگزار کروائی جاسکی ہے۔ جبکہ سی ڈی اے اورسروے آف پاکستان کی عدالت میں جمع کروائی گئی رپورٹ میں نالہ کورنگ کے اطراف 21کلومیٹر پٹی پر محیط 613کنال اراضی پر قبضہ کئے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سےنالہ کورنگ کے اطراف غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات ختم کرنے کے احکامات کے بعد ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے حکام نے گرینڈ آپریشن کیلئے انتظامات مکمل کر لئے تھے جس پر بعض اہم سیاسی شخصیات کی جانب سے ضمنی انتخابات سے قبل سے آپریشن رکوانے کیلئے اعلیٰ ترین سطح پر رابطے کئے گئے تھے جس کے بعد آپریشن کو التواء میں ڈالنے کی ہدایات کی گئی تھی تاکہ ضمنی انتخابات کے علاوہ مقامی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی جاسکے۔ جس کے بعد ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے حکام سپریم کورٹ کے احکامات پر نمائشی آپریشن کے ذریعے خانہ پوری کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ جب تک غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے آپریشن کو سیاسی دباؤ سے آزاد نہیں کیا جائیگا ۔ غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کا خاتمہ ممکن نہیں ۔کیونکہ افسران کو خدشہ ہے کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ذرائع کے مطابق ناکہ کورنگ کے اطراف غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف شروع کئے گئے آپریشن میں دونوں اداروں کے افسران کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آپریشن شروع کرنے کے دوسرے روز سی ڈی اے شعبہ انفورسمنٹ اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام موقع پر ہی نہیں گئے جبکہ شعبہ انسداد تجاوزات کا اسٹاف ،شعبہ ایم پی اواورپولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر طویل انتظار کے بعد محض خانہ پری کر کے واپس آ گئی۔آپریشن کے تیسرے روز ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام ”مصروفیت ” کا بہانہ بنا کر آپریشن کیلئے نہیں آئے جبکہ سی ڈی اے کے شعبہ انسداد تجاوزات چھٹی لے کر آبائی گھر روانہ ہو گئے۔چوتھے روزسی ڈی اے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی زیر نگرانی مختصر آپریشن کیا گیا جبکہ پانچویں روز ضلعی انتظامیہ اورسی ڈی اے کے حکام ایک مرتبہ پھر آپریشن کے لیے موقع پر نہیں پہنچے اور آپریشن کے لیے بھجوائی گئی ٹیمیں طویل انتظار کے بعد واپس آ گئیں ۔ جس کے بعد بھارہ کہو کے علاقے شاہ پور اور بنی گالہ کے علاقے میں صرف 2 گھروں کو اب مسمار کیا گیاجبکہ نوٹسز کے اجراء کے باوجود نالہ کورنگ کے اطراف غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کیخلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی ۔