کراچی (اسٹاف رپورٹر)شارع فیصل پر اوبر کے ڈرائیور کی جانب سے مبینہ طور پر ہراساں کرنے پر لڑکی چلتی کار سے کود گئی ۔شہریوں نے ڈرائیور کو تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا ۔جبکہ متاثرہ لڑکی نے بیان دیا ہے کہ ڈرائیور مجھے باربار گھور رہا تھا اور غلط روٹ پر گاڑی موڑنے پر اس نے گاڑی سے چھلانگ لگائی ۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پر گورا قبرستان کے سامنے لڑکی ح نے چلتی کار سے چھلانگ لگا دی جس سے ٹریفک رک گیا ۔ لڑکی کے شور شرابے پر شہریوں نے اوبر کے ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنا نا شروع کردیا ، اطلاع پر مددگار پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں کو تھانے منتقل کردیا۔ایس ایچ او پیر شبیر حیدر کاکہنا ہے کہ لڑکی نے بتایا کہ وہ یونیورسٹی روڈ سے عسکری ٹو جانے کے لیےاوبر ٹیکسی میں جارہی تھی کہ ڈرائیو ر شیشے سے مجھے مسلسل گھور رہا تھا اور بات کرنے کی کوشش بھی کی تاہم میں نے نظر انداز کردیا۔جب اس نے ایپ پر دیئے گئے پتے پر جانے کے بجائے غلط ٹرن لیا تو میں خوفزدہ ہو گئی جب کہ ایپ سے ڈرائیور کو کئی کالز بھی کی گئیں لیکن اس نے کال ریسیو نہیں کیں۔لڑکی کا کہنا تھا کہ ڈرائیور نے میری بات سننے سے انکار کیا تو میں نے چلتی گاڑی سے چھلانگ لگا دی۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ زیر حراست ڈرائیور ذوالفقار کے خلاف مقدمہ نمبر 272/18خاتون کی مدعیت میں درج کرلیا ہے۔ جبکہ آن لائن سروس کی انتظامیہ کو بھی طلب کیا جارہا ہے۔دریں اثنا لڑکی کا کہنا ہے کہ میں نے پولیس کو صرف کارروائی کیلئے درخواست دی ہے مقدمہ درج کرواکر میں بڑے مسئلے میں نہیں پڑنا چاہتی جبکہ کار ڈرائیور نے الزام کی تردید کی ہے۔