ترک النسل خشوگی کا شوبز-کاروبار-صحافت و سیاست میں نمایاں مقام
ریاض (امت نیوز)ترکی میں سعودی قونصلیٹ میں قتل کئے جانے والا صحافی جمال خشوگی کا خاندان نہ صرف سعودی عرب بلکہ مشرقی وسطیٰ ومغربی ممالک میں بھی نمایاں مقام رکھتا ہے۔عرب دنیا میں شوبز،کاروبار، صحافت و سیاست میں خشوگی خاندان کے کسی نہ کسی فرد کا ذکر رہتا ہے۔مقتول صحافی جمال خشوگی کے خاندان کا شمار سعودی عرب کے اُن معتبرخاندانوں میں ہوتا ہے جنہوں نے مختلف شعبوں میں کارہائے نمایاں سر انجام دئیے۔خشوگی ترک النسل خاندان کے فرد ہیں جن کے دادا نے سعودیہ کو مسکن بنایا۔ جمال کے دادا محمد خشوگی ڈاکٹر تھے جو سعودی عرب کے بانی عبد العزيز بن عبد الرحمن آل سعود کے معالج تھے۔ ان کے چچا عدنان خشوگی معروف آرمز ڈیلر تھے جو طویل عرصہ سعودی عرب کے وزیر تیل بھی رہے ۔عدنان خشوگی اپنی امارت و شاہانہ طرز زندگی کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور تھے۔لیڈی ڈیانا کے ساتھ کار حادثے میں ہلاک ہونے والا ڈوڈی الفائد اس کا کزن اور اس کی پھوپی سمیرا کا بیٹا تھا ۔جمال خشوگی کی کزن نبیلا نے جیمز بانڈ سیریز کی فلم ’’ نیور سے نیور اگین‘‘ میں بطور معاون اداکارہ کام کیا اور وہ اس وقت امریکا میں کامیاب بزنس وومن ہیں۔جمال خشوگی کے ایک اور کزن عماد فرانس کے بہت بڑے بزنس مین ہیں جنھوں نے لینڈ ڈویلیپمنٹ کے کاروبار میں کافی نام کما رکھا ہے ۔