متحدہ کارکنوں نے ’’جاگ میمن جاگ‘‘ کے پمفلٹ گھروں میں تقسیم کئے
کراچی(اسٹا ف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ نے جاگ مہاجر جاگ کے بعد میمن برادری کے ووٹ حاصل کرنے کے لیئے”جاگ میمن جاگ“ اور ”میمن کا ووٹ میمن کے لیئے “کا نعرہ استعمال کیا۔ کھارادر، میٹھادر، رنچھوڑلائن اور اولڈسٹی ایریا کے اطراف کے علاقوں میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان گھروں اور دکانوں میں جاگ میمن جاگ کے پمفلٹ ڈالتے رہے۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 کے علاقوں میں صدر،رنچھوڑلائن،میٹھادار اور کھارادر سمیت دیگر علاقوں میں میمن برادری بڑی تعداد میں رہائش پذیر ہیں۔ مذکورہ علاقوں میں الیکشن سے قبل متحدہ کی جانب سے ریلیاں بھی نکالی گئی تھیں ،جس میں میمن برادری کے ووٹ حاصل کرنے کے لئے ان کے حق میں نعرے بازی کی گئی ۔ مکینوں میں جاگ میمن جاگ کے پمفلٹ بھی تقسیم کیئے گئے، جس میں درج ہے کہ پورے پاکستان میں ایک بھی میمن ایم پی اے اور ایم این اے نہیں ہے۔سب سے زیادہ ٹیکس کراچی میں میمن دیتا ہے ‘پمفلٹ میں درج ہے کہ اب ایک میمن صادق افتخار (نتھلی والا)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247سے ایم کیو ایم کی طرف سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ الیکشن کے روز بھی متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے 6سے زائد علاقوں میں جاگ میمن جاگ کے پمفلٹ تقسیم کرتے رہے ،تاہم ضلع جنوبی کے علاقے کھارادر میں متحدہ قومی موومنٹ میمن برادری کی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہی۔