مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی درندگی سے 9 شہید

0

لاہور۔سری نگر۔اسلام آباد(نمائندہ امت ۔مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 9 کشمیری نوجوانوں کو شہید اور70سے زائد افراد کو زخمی کر دیا جس پر سری نگر سمیت کشمیر کے مختلف شہروں و علاقوں میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے، بھارتی فوج نے مظاہروں پر قابو پانے کیلئے حساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کر دی ہے اور کرفیو جیسی پابندیاں عائد کر کے انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند کر دی گئی،تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف کے اہلکاروں نے کلگام کے لارو گاؤں میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کر کے نام نہاد سرچ آپریشن شروع کیا اور یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ یہاں کشمیری مجاہدین موجود ہیں کشمیریوں کے گھروں کی تلاشی کے دوران سخت توڑ پھوڑ کی گئی۔ چھاپہ مار کارروائی کے دوران قابض فوج نے 4 نوجوانوں کو عسکریت پسند قرار دے کر شہید کردیا۔اسی دوران بھارتی فوج نے ایک مکان کو بارود سے تباہ کر دیا۔قابض فوج نے اسی پر بس نہیں کیا بلکہ مکان کے ملبے میں بھی بم نصب کردیا۔ جب اہل علاقہ ملبہ سمیٹنے آئے تو وہ بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے مزید 2 نوجوان شہید ہوگئے۔اس المناک واقعے پر ہر آنکھ اشکبار ہوگئی اور کشمیریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ بے گناہ نوجوانوں کی شہادت پر کشمیریوں کی بڑی تعداد گھروں سے نکل آئی اور ریاستی دہشتگردی کے خلاف احتجاج کیا۔قابض فوج نے احتجاج کو کچلنے کےلیے نہتے لوگوں پر گولی چلادی جس کے نتیجے میں مزید 3 نوجوان شہید اوردرجنوں مظاہرین زخمی ہوگئے۔ اس دوران بھارتی اہلکاروں نے چادر اور چادر دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے بے گناہ کشمیریوں کو زدوکوب کیا اور خواتین سے توہین آمیزسلوک کیا۔ کشمیریوں کے قتل عام کیخلاف ہزاروں کشمیری سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی فورسز کیخلاف سخت احتجاج کیا۔ بھارتی فوج اور سی آر پی ایف نے اس دوران مظاہرین پربھی اندھا دھندگولیاں برسائیں جس سے بیسیوں کشمیری زخمی ہو گئے۔ نہتے کشمیریوں کی شہادت پر پورے کشمیر میں مظاہرے پھوٹ پڑے ہیں۔ بھارتی فورسز اہلکار کلگام میں لارو گاؤں سمیت دیگر علاقوں کو وسیع پیمانے پر محاصرہ کر کے تاحال سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔ کشمیریوں کو شہید کئے جانے کے بعد کشمیر یونیورسٹی سمیت دیگر تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے حالیہ دنوں میں کشمیریوں کی شہادتوں میں زبردست تیزی آئی ہے۔ چار دن قبل بھی بھارتی فوج نے فتح کدل علاقہ میں تین کشمیریوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا۔ مظاہروں کے دوران نہتے کشمیریوں اور بھارتی فورسز کے مابین شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔ بھارتی فوج اور سی آر پی ایف کی طرف سے مظاہرین پر اندھا دھند لاٹھی چارج کیا گیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جاتی رہی۔ کلگام میں ایک مکان کو بھی بارودی مواد سے تباہ کر دیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More