صحافیوں-میڈیا اداروں کیلئے ضابطہ اخلاق تشکیل دیاجائے-سی پی این ای
کراچی (پ ر) پاکستان میں آزادی صحافت کے استحکام کے لئے میڈیا تنظیموں میں باہمی یکجہتی اور اتحاد کے ساتھ ساتھ ذمہ دارانہ صحافت کی ترویج اور فروغ کی بھی انتہائی اہمیت ہے لہٰذا کہ پاکستان میں میڈیا کی تمام تنظیموں، میڈیا اداروں، صحافیوں اور دیگر میڈیا کارکنوں کے لئے ایک متفقہ، ہمہ گیر اور جدید ضابطہ اخلاق کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس کا اظہار انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) میں قائم سینٹر آف ایکسیلنس ان جرنلزم (سی ای جے) کے ڈائریکٹر،سینئر ایڈیٹر اور صحافی کمال صدیقی نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب میں کیا جو میڈیا کے لئے ایک ہمہ گیر اور جدید ضابطہ اخلاق کے مسودہ کی تیاری کے ضمن میں سی پی این ای کے اراکین کے لئے منعقد کی گئی تھی۔ کمال صدیقی نے مزید کہا کہ پاکستان میں میڈیا اور صحافیوں کے لئےایک متفقہ،ہمہ گیراور جدیدضابطہ اخلاق کی تشکیل اور اس کے رضاکارانہ نفاذ سے نہ صرف ملک میں ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ ملے گا بلکہ عوام اور سیاسی اداروں کا میڈیا پر اعتماد بھی مزید بڑھے گا۔ سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پی این ای کے زیر اہتمام مختلف میڈیا ماہرین نے ایک ہمہ گیر اور جدید ضابطہ اخلاق کے مسودہ کی تیاری کے لئے دو سال تک تحقیق کی گئی جس کے دوران 28بین الاقوامی اور ملک بھر کے 14میڈیا اداروں اور تنظیموں کے ضابطہ ہائے اخلاق کا بغور جائزہ لیا گیا اور ایک مسودہ تیار کیا جا چکا ہے۔ اس مسودہ کو پاکستان کی تمام میڈیا تنظیموں، میڈیا اداروں اور سینئر صحافیوں کو فراہم کیا جائے گا تاکہ باہمی مشاورت سے ایک ایسے ضابطہ اخلاق کی تیاری کا عمل شروع کیا جا سکے۔ سی پی این ای کی پروجیکٹس اینڈ پروگرامز کمیٹی کے چیئرمین عامر محمود نے کہا کہ سی پی این ای کا بنیادی مقصد آزادی صحافت، آزادی اظہار اور معلومات تک رسائی جیسے بنیادی انسانی حقوق کے لئے کام کرتی رہی ہے۔ قبل ازیں انیس دانش نے مسودہ کی تیاری کے لئے کی گئی تحقیق سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ پروگرام میں سی پی این ای کے سینئر اراکین غلام نبی چانڈیو، مقصود یوسفی، حسن عباس، عبدالخالق علی، فیصل شاہجہاں، عدنان ملک، احمد اقبال بلوچ،مظفراعجاز،شیر محمد کھاوڑ، میاں طارق، بشیر احمد میمن، محمود عالم خالد، سلمان قریشی،محمد طاہر، محمد تقی علوی، سید رضا شاہ، عثمان عارب ساٹی، محمد جعفر جتوئی، ناصر خٹک، زاہدہ عباسی، حمیدہ گھانگھرو اور سدرہ کنول سمیت سی پی این ای کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بحث و مباحثہ میں مثبت تجاویز دیں۔