ہائیکورٹ نے ایئرکرافٹ پروموشن کی سفارشات پر عملدرآمد روک دیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے 2 رکنی بنچ نے پی آئی اے ایئر کرافٹ میں 800 ملازمین کی ترقیاں دینے کے طریقہ کار کے خلاف دائر درخواست پر ایئر کرافٹ پروموشن بورڈ کی سفارشات پر عملدرآمد کو روک دیا ہے۔درخواست سوسائٹی آف ایئر کرافٹ انجینئرز ایسوسی ایشن نے دائر کی ۔ فاضل عدالت نے پروموشن بورڈ سمیت دیگر مدعا علیہان کو 10نومبر کے لیے نوٹس جاری کردیے، جبکہ عدالت نے ایئر کرافٹ پروموشن بورڈ کی ترقیوں کا طریقہ کار بھی طلب کرلیا ہے۔درخواست گزار نے الطاف جاوید ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ایئر کرافٹ بورڈ نے ڈپٹی انجینئرز کی اسامیوں پر ترقیاں شروع کردی ہیں اور ورکنگ ایگریمنٹ کے تحت ایئر کرافٹ انجینئرز پاکستان کے نمائندے کو اجلاس میں مبصر کے طور پر شامل کرنا لازم تھا، جبکہ پی آئی اے میں من پسند افراد کو نوازنے کے لیے پرموشن کے طریقہ کار کو ہی تبدیل کردیا گیاہے، لہذا استدعا ہے کہ مدعاعلیہ کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔