گورنر کی یقین دہانی پر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال ختم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ عمران اسماعیل کی یقین دہانی پر آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرکے ملک بھر میں تیل کی ترسیل شروع کردی۔گورنر سندھ سے ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین شمس شاہانی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کرکے مسائل سے آگاہ کیا۔گورنر سندھ نے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی، جس پر ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ احمد پور حادثے کے بعد قوانین بنائے گئے تھے کہ 20سال پرانی گاڑیاں نہیں چلیں گی۔ ٹرانسپورٹرز نے یقین دہانی کروائی ہے کہ گاڑیوں کی فٹنس بہتر بنائیں گے۔تیل کی سپلائی کے لیے پرانی گاڑیاں چلنا درست نہیں۔شمس شاہانی نے کہا کہ ہم نے ہڑتال نہیں احتجاج کیا تھا۔گورنر کی یقین دہانی پر تیل کی سپلائی بحال رہے گی۔ دریں اثنا گورنر سندھ نے کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف منیجمنٹ کے تحت ساتویں مڈ کیریئر منیجمنٹ کورنس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن سے پاک معاشرے کی تشکیل حکومت کی اولین ترجیحات شامل ہے۔