2پاکستانیوں سمیت8افراد عالمی دہشت گرد قرار
واشنگٹن ڈی سی (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے 2 پاکستانیوں سمیت 8 افراد کو عالمی دہشت گرد قرار دے دیا۔امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ان افراد کے امریکا میں موجود اثاثے منجمد اور دیگر مالی پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔ عالمی دہشت گرد قرار دیے گئے افراد میں 4 افغان، 2 پاکستانی اور 2 ایرانی شہری شامل ہیں جب کہ ان افراد کا تعلق طالبان اور ایرانی القدس فورس سے ہے۔امریکی محکمہ خزانہ نے بتایا کہ طالبان سے تعلق رکھنے والوں پر افغانستان میں حملوں میں ملوث ہونے پر پابندی لگائی گئی جبکہ ایرانی افراد نے افغانستان میں حملوں کیلئے مالی اور عسکری امداد فراہم کی۔ ایران کا طالبان کو معاونت فراہم کرنا خطے میں ایرانی دہشت گردی کا ایک اور ثبوت ہے لہٰذا امریکا اور اتحادی ایران کو افغانستان کے حالات مزید خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ طالبان سے تعلق رکھنے والے عالمی دہشت گرد قرار دیئے گئے افراد میں عبداللہ صمد فاروقی، محمد داؤد مزمل، عبد الرحیم منان اور صدر ابراہیم افغانی شامل ہیں جبکہ 2 پاکستانی شہریوں میں عبدالعزیز اور حافظ عبدالماجد شامل ہیں۔ ایرانی شہریوں میں محمد ابراہیم اوہوادی اور اسماعیل رضاوی شامل ہیں۔