ممکنہ آپریشن کی اطلاعات پر رات گئے پاکستان کوارٹرز کے مکین نکل آئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی سرکاری کوارٹرز کے مکینوں کی بے دخلی کے خلاف ممکنہ آپریشن کی اطلاعات گردش کرنے کے سبب رات گئے پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کی بڑی تعداد فردوس مسجد کے قریب جمع ہوگئی۔ مکینوں نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمیں اطلاع ملی ہے کہ بدھ کو وفاقی سرکاری مکانات خالی کرانے کے لیے ممکنہ طور پر آپریشن کیا جائے گا ، جس کے بعد مکینوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے ۔ طاقت کے استعمال کے خلاف سخت احتجاج کریں گے اور مکانات کسی صورت خالی نہیں کریں گے ۔مظاہرین نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ انہیں بے گھر نہ کیا جائے ۔