شریف خاندان سزا معطلی کیخلاف آج سماعت-بنچ ازسر نو تشکیل

0

اسلام آباد(اخترصدیقی )ایون فیلڈریفرنس میں سابق وزیراعظم میاں نوازشریف ،مریم نوازاور کیپٹن (ر)صفدرکی سزامعطلی کے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف نیب اپیلیں سننے والابنچ ازسرنوتشکیل دے دیاگیا۔بیماری کے باعث جسٹس عمرعطا ء بندیال نے سماعت سے معذرت کرلی تھی جس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے جسٹس مظہر عالم کوبینچ میں شامل کرلیا۔جبکہ سپریم کورٹ نے صرف 24 گھنٹے قبل قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر اپیل سماعت کے لیے نہ صرف منظور کرلی بلکہ اس کواگلے 24گھنٹوں میں سماعت کے لیے مقررکرنے کے احکامات جاری کردیے ، سماعت آج بدھ کوہوگی اور چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کرے گا۔ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو(نیب)کی وکلاء ٹیم کی کوشش ہوگی کہ وہ عدالت عالیہ کی جانب سے شریف خاندان کی سزائیں معطل کرنے کافیصلہ عبوری طورپر معطل کرائیں اور ملزمان کودوبارہ اڈیالہ جیل بھجوایاجاسکے ۔سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے سپریم کورٹ میں نیب اپیل سماعت کے لیے منظور کیے جانے اور پھر جلدسماعت کے لیے مقررکرنے پراپنے وکیل خواجہ حارث ایڈووکیٹ سے احتساب عدالت میں العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسزکی سماعت کے دوران مختصرطورپر تبادلہ خیال بھی کیاہے تاہم خواجہ حارث ایڈووکیٹ نے انھیں یقین دلایا کہ اپیل منظور ہونے کے امکانات کم ہیں عدالت عالیہ کافیصلہ بہت ہی اہم شواہد اور نکات پر مشتمل ہے جس کونظراندازکرناسپریم کورٹ کے لیے شائدممکن نہ ہو۔قومی احتساب بیورو(نیب)نے منگل کے روزسپریم کورٹ میں عدالت عالیہ کے فیصلہ کے خلاف اپیل دائرکی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے مقدمے کے شواہد کا درست جائزہ نہیں لیا اور ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے دی جانے والی سزاوٴں کو معطل کردیا تھا۔درخواست میں کہا گیا کہ ہائیکورٹ نے اپنے ہی حکم نامہ کے برخلاف درخواستوں کی سماعت کی، اور اپیل کے ساتھ سزا معطلی کی درخواستیں سننے کا حکم دیا تھا۔درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ عدالت اسلام آباد ہائی کورٹ کے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی سزا معطلی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔اپیل کونا صرف 24گھنٹے میں سماعت کے لیے منظور کیاگیابلکہ سماعت کے لیے 24گھنٹے کے بعدلگانے کابھی حکم دے دیا۔سپریم کورٹ نے نیب کی اپیل کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے تین رکنی بینچ تشکیل دے دیا۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس مشیر عالم پر مشتمل خصوصی بینچ بنایاگیاتھامگر جسٹس عمرعطا ء بندیال طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے بنچ میں شامل نہیں اور ان کی جگہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے بنچ میں جسٹس مظہر عالم کوشامل کیا ۔سماعت آج ہوگی ۔سپریم کورٹ نے نیب کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز بھی جاری کر دیے۔نیب ذرائع نے’’ امت‘‘ کوبتایاہے کہ نیب وکلا کی کوشش ہوگی کہ عدالت عالیہ کے فیصلے پر عبوری طورپر ریلیف حاصل کیاجائے اور سزامعطلی کافیصلہ عبوری طورپر معطل کرایاجائے اس دوران دلائل میں اہم ترین شواہد جوکہ پہلے ہی سپریم کورٹ کی نظرسے گزرچکے ہیں وہ سامنے لائے جائیں اور سپریم کورٹ کے اپنے فیصلے میں اختیار کیے گئے آئینی وقانونی نکا ت کے بل بوتے پر دلائل کوآگے بڑھایاجائے پراسکیوٹرجنرل نیب ٹیم کی قیادت کریں گے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More