وائرل انفیکشن سے 3 روز میں 9 تھری بچے ہلاک
تھر پارکر (این این آئی) تھرپارکر میں غذائی قلت اور وائرل انفیکشن کے نتیجے میں 3 روز میں 9 نوزائیدہ بچے موت کے منہ میں چلے گئے۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ ہلاکتیں مٹھی، دھالی اور چھاچھرو کے علاقوں میں ہوئیں۔غذائی قلت اور وائرل انفیکشن سے رواں برس نوازئیدہ بچوں کی ہلاکتوں کی تعداد 522 ہو گئی۔متاثرہ بچوں کے والدین نے سرکاری اسپتالوں میں زندگی بچانے کیلئے ضروری ادویات سمیت دیگر سہولیات کی عدم دستیابی کی شکایت کی۔والدین نے ان کی گھر کی دہلیز پر صحت کی بہتر سہولیات پہنچانے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ وہ آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں اور اپنے بچوں کے علاج کیلئے اپنے علاقے سے میلوں دور مٹھی میں جانا پڑتا ہے۔اس حوالے سے کہا گیا کہ تھر کے ہزاروں شہری کنووں کا آلودہ پانی پینے پر مجبور ہیں۔ڈپٹی کمشنر تھر محمد آصف جمال نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے وسیع پیمانے پر ریلیف آپریشن شوع کردیا اور ضلع بھر میں حاملہ خواتین کو راشن کے بیگ فراہم کیے جارہے ہیں۔