قونصلیٹ کے باغیچے میں کنوئیں کی تلاشی سے سعودی حکام کا انکار
ریاض/ انقرہ (امت نیوز) سعودی صحافی جمال خشوگی کے قتل کی تفتیش کے سلسلے میں سعودی حکام نے استنبول میں سعودی قونصل خانے کے باغیچے میں موجود کنوئیں کی تلاشی کو مسترد کر دیا۔ اطلاعات کے مطابق سعودی حکام نے ترک سیکورٹی فورسز کو اس کی اجازت نہیں دی۔ جبکہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ترک صدر رجب طیب اردوغان سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس ضمن میں درکار اقدامات پر بھی گفتگو کی۔ قبل ازیں ترک صدر نے خشوگی کے قتل میں ملوث افراد کے خلاف استنبول میں مقدمہ چلانے کی ضرورت پر زور دیا تھا، جبکہ سعودی کابینہ نے کہا تھا کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کا احتساب ہوگا۔