کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کواٹرز خالی کرانے کے دوران ہونے والی ہنگامہ آرائی کا مقدمہ متحدہ کے رہنما فاروق ستار سمیت400 مفرور اور 13گرفتار ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا، پولیس کے مطابق مکینوں کو مشتعل کرنے میں سیاسی جماعت کے افراد ملوث ہیں۔تفصیلات کے مطابق سولجر بازار تھانے کی حدود پاکستان کوارٹرز خالی کروانے کے دوران ہونے والی ہنگامہ آرائی کا مقدمہ نمبر 273/18سرکاری مدعیت میں متحدہ کے رہنما فاروق ستار سمیت 400مفرور اور 13گرفتار ہونے والے ملزمان کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے ۔ امت سے بات کرتے ہوئے ایس پی جمشید شمائل کا کہنا تھاکہ پاکستان کوارٹرز میں رہائش پذیر افراد کو مشتعل کرنے میں سیاسی جماعت کے افراد ملوث ہیں جس کے بعد مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا تھا۔ ایس ایچ او رافع تنولی نے بتایا کہ اسلام آباد سے آئے اسٹیٹ افسران جن میں چیف انسپکٹر شاہد دیدار ، انسپکٹر طاہر خان، انسپکٹر عابد خان، انسپکٹر سرفراز خان اور سب انسپکٹر محم زبیر کو سیکورٹی دینے کیلئے پولیس پاکستان کوارٹرز پہنچی تھی،مظاہرین نے نفری دیکھتے ہوئے پتھراؤ کیا، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار زخمی ہوئے، ایس ایچ او کا کہنا تھاکہ نئے الا ٹیز کو کوارٹر دینے کیلئے اسلام آباد سے افسران آئے تھے۔ دوبارہ احکامات ملنے پر کارروائی کریں گے۔پولیس کاکہنا تھاکہ مظاہرین کی جانب سے حملہ ہونے کے بعدپولیس نے واٹر کینن اور آنسو گیس استعمال کی۔