آئی جی ایف سی بلوچستان کے قافلے پر حملہ ۔2اہلکار شہید
کوئٹہ (نمائندہ خصوصی ) آئی جی ایف سی کے قافلے پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں2اہلکار شہید ہوگئے۔ تاہم آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل سعید احمد ناگرہ محفوظ رہے ۔تفصیلات کے مطابق پنجگور سے خضدارآنے والے آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل سعید احمد ناگرہ کے قافلے پر واشک کی تحصیل ناگ میں نامعلوم دہشت گردوں نے حملہ کر دیا ۔اس موقع پر کمانڈنٹ ایف سی پنجگور رائفلز کرنل شجیع اللہ قادری بھی ان کے ہمراہ تھے ۔گھات لگائے دہشت گروں نے قافلے میں شامل گاڑیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں حوالدار یحییٰ الدین اور لانس نائیک سیف الرحمان شہید ہوگئے تاہم افسران محفوظ رہے۔ ذرائع کے مطابق حملے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لےکر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ دریں اثنا وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہےکہ یہ بزدلانہ کارروائی ہے اس سے فورس کے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے دن گنے جا چکے ہیں۔