غربت سے تنگ ڈرائیور نے رکشہ جلا ڈالا – خودسوزی کی کوشش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں ایک بار پھر رکشہ ڈرائیور کی جانب سے خود سوزی کا واقعہ سامنے آگیا،غربت سے تنگ اور سی این جی نہ ملنے پر رکشہ ڈرائیور نے خود سوز کی کوشش کی تو شہریوں نے پکڑ لیا تاہم رکشہ مکمل طور پر جل گیا،پولیس نے رکشہ ڈرائیور کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گلبہار تھانے کی حدود ناظم آباد میں سی این جی نہ ملنے پر رکشہ ڈرائیور نے خودسوزی کی کوشش کی،رکشہ ڈرائیور شاہد نے اپنے رکشے کو آگ لگا دی خود کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کی تو شہریوں نے بچا لیا،تاہم آتشزدگی سے رکشہ جل کر تباہ ہوگیا۔رکشہ ڈرائیور شاہد نے کہا کہ حالات سے تنگ ہوں آئے روز سی این جی بند ہونے سے سواری نہیں ملتی،میرے تین بچے ہیں جو آنکھوں کی پراسرار بیماری میں مبتلا ہیں۔ آئے روز سی این جی بند ہونے کی وجہ سے کاروبار نہ ہونے کے برابر رہ گیا ہے۔ لیاقت آباد آٹھ نمبر پر کرائے کے مکان میں رہنے والے رکشہ ڈرائیور شاہد نے تین ماہ سے گھر کا کرایہ ادا نہیں کیا ,جس پر گھر خالی کرنے کو کہہ دیا گیا ،حالات سے تنگ آکر خود سوزی پر مجبور ہوا،روزانہ کی آمدنی نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے اپنے بچوں کا بھی علاج نہیں کرواسکتا،رکشہ چلا کر بھی کچھ نہیں کر پارہا پیسے کہاں سے لاؤں؟۔ دریں اثناء گلبہار پولیس نے رکشہ ڈرائیور کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیا جس پر رکشہ ڈرائیور کے اہلخانہ گلبہارتھانے پہنچ گئے۔ پولیس کے مطابق رکشہ ڈرائیور شاہد کا ابتدائی بیان ریکارڈ کرلیا گیاہے۔ایس ایچ او ہدایت نے امت کو بتایا کہ رکشہ ڈرائیور کے خلاف اقدام خودکشی کا مقدمہ درج نہیں کیا ہے۔