بجلی مہنگی کرنے سے مہنگائی کی نئی لہر کا خدشہ

0

اسلام آباد(رپورٹ: اخترصدیقی )وفاقی حکومت نے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے کر صارفین پر سالانہ 104 ارب روپے کا بوجھ ڈال دیا،سبسڈی کی مد میں 14 ارب روپے کی کمی کردی جس سے مہنگائی کی نئی لہر کا خدشہ ہے۔حکومت کی جانب سے دی گئی رعایت سے صرف 37فیصدصارفین کوہی فائدہ پہنچ سکے گا۔ روزنامہ امت کے پاس موجوددستاویزکے مطابق پچاس یونٹ استعمال کرنے والے صارفین پر 2روپے یونیفارم ٹیرف لاگوہوگا ،51سے 100یونٹ تک5روپے 79پیسے فی یونٹ ،101سے 200تک یونٹ استعمال کرنے والوں پر8 .11روپے ،201سے 300یونٹ تک استعمال کرنے والوں پر10.20روپے فی یونٹ یونیفارم ٹیرف لاگو کیاگیاہے ۔کمرشل صارفین پر 5کے وی بجلی استعمال کرنے والے18روپے سے زائد فی یونٹ یونیفار م ٹیرف کی وصولی شامل ہے ۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری کے بعد پاور ڈویژن نے بجلی کے نئے سلیبز کی تفصیلات جاری کر دیں۔ گھریلو،کمرشل اور صنعتی صارفین کے لیے بجلی 3روپے تک مہنگی کی گئی ہے۔ بجلی کے بلوں پر عائد ٹیکسز کی شرح برقرار رہے گی۔ دریں اثناوزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بجلی کی قیمت بڑھانے سے متعلق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری اور وزیر توانائی عمر ایوب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ اسد عمر نے بتایا کہ بجلی کی قیمت میں ایک روپے 27پیسے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسکولوں اور اسپتالوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔ وزیر توانائی عمر ایوب نے بتایا کہ بجلی چوروں کےخلاف آج(جمعہ) سے مہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔عمر ایوب کے مطابق ڈھائی سو ارب سے 280روپے سالانہ کم بل اور بجلی چوری کی مد میں چلا جاتا ہے۔ہم کے بی سی کیبلز لگائیں گے، جن پر کنڈا نہیں چلتا۔ اس کے علاوہ اے ایم آئی میٹر بھی لگائے جائیں گے، جو کہ ٹرانسفارمر پر بھی نصب ہوگا، جو بجلی چوری کی نشاندہی کرے گا۔ عمر ایوب کے مطابق ان اقدامات کا آغاز اسلام آباد اور لاہور سے کیا جارہا ہے۔ فواد چوہدری نےکہا سعودی ویزا فیس 2ہزار ریال سے کم کر کے 3سو ریال کردی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیب کے افسران کو خصوصی سفارتی پاسپورٹ دیے جائیں گے تاکہ انہیں کہیں بھی جاکر چور کو پکڑنے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ ڈوگر کو ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کا نیا چیئرمین مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More