بھارتی لٹل ماسٹر ٹنڈولکر 4 روز میں 2 ریکارڈ گنوا بیٹھے

0

امت رپورٹ
لٹل ماسٹر کا خطاب پانے والے سابق بھارتی کپتان اور بیٹسمین سچن ٹنڈولکر محض 4 روز میں اپنے 2 ریکارڈز سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ جبکہ اب ان کا ایک روزہ کرکٹ میں 49 سنچریوں کا ریکارڈ بھی کچھ عرصے کا مہمان معلوم ہوتا ہے۔ بھارت کے نوجوان کپتان ویرات کوہلی جہاں تیز ترین 10 ہزار رنز بناکر سچن ٹنڈولکر کو میلوں پیچھے چھوڑ چکے ہیں، وہیں سب سے زیادہ سنچریوں کا عالمی ریکارڈ بھی اب ان کی پہنچ سے دور نہیں۔ واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے اب تک 213 ون ڈے میچوں میں 37 بار 100 کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ جبکہ ٹنڈولکر نے 463 میچز پر مشتمل ون ڈے کیریئر میں 49 سچنریاں اسکور کی تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ بھارت کے سابق کپتان اور ٹنڈولکر کے ساتھی ساروو گنگولی ان دنوں ویرات کوہلی کے گن گا رہے ہیں۔ بلکہ انہوں نے کوہلی کو سچن ٹنڈولکر سے بہتر ون ڈے کرکٹر قرار دے دیا ہے۔ انڈیا ٹی وی کو انٹرویو میں گنگولی نے کہا کہ کوہلی دنیا کے سب سے مستقل مزاج بیٹسمین ہیں۔ مانا کہ ٹنڈولکر نے مجموعی طور پر 100 سنچریاں اسکور کی ہیں، لیکن کوہلی بھی کسی سے کم نہیں۔ گنگولی نے کہا کہ کوہلی ابھی 30 برس کے بھی نہیں ہوئے، ان کی بے تحاشہ کرکٹ باقی ہے۔ لیکن اپنی مستقل مزاجی اور صلاحیتوں کی بدولت وہ تمام کھلاڑیوں کیلئے ایک مثال ہیں۔ حیران کن امر یہ ہے کہ اس موقع پر جب بھارت سمیت مختلف کرکٹنگ ممالک کے سابق اور موجودہ کھلاڑیوں کی جانب سے ویرات کوہلی کو عظیم بلے باز کہا جا رہا ہے، ٹنڈولکر نے ان کیلئے صرف ایک تہنیتی پیغام جاری کیا۔ ٹوئٹر پیغام میں سچن ٹنڈولکر نے کہا ’’جس مہارت اور مستقل مزاج سے ویرات کوہلی بیٹنگ کرتے ہیں وہ قابل دید ہے، اسی طرح رنز بناتے رہیں۔‘‘ روکھے پیغام پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ شاید ٹنڈولکر اب کوہلی سے جلنے لگے ہیں۔ بیشتر صارفین نے یہ بھی لکھا کہ ٹنڈولکر احساس کمتری کا شکار ہو گئے ہیں، کیونکہ اب ویرات کوہلی نے ان کی جگہ لے لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی دس ہزار رنز کا سنگِ میل عبور کرنے والے دنیا کے 13 ویں اور بھارت کے پانچویں بلے باز بن گئے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف وشاکھاپٹنم میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں 157 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی تھی، اسی اننگ میں ویرات نے ٹنڈولکر کا تیز ترین 10 ہزار بنانے کا ریکارڈ پاش پاش کیا۔ سچن ٹنڈولکر نے 259 اننگز میں یہ ہدف حاصل کیا تھا، لیکن ویرات کوہلی کو یہاں تک پہنچنے میں صرف 205 اننگز لگیں۔ ویرات کوہلی اب تک 212 میچز میں بھارت کی نمائندگی کر چکے ہیں، جس میں انہوں نے 58.69 کی اوسط سے 10 ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں۔ دس ہزار یا اس سے زائد رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں بھارت کے راہول ڈریوڈ، ساروو گنگولی اور مہندر سنگھ دھونی، سری لنکا کے کمار سنگا کارا، سنتھ جے سوریا، تلکارتنے دلشان اور مہیلا جے وردھنے، جنوبی افریقہ کے جیک کیلس اور آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ شامل ہیں۔ پاکستان کے مایہ ناز بیٹسمین انضمام الحق بھی 10 ہزار رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی قومی کھلاڑی یہ سنگِ میل عبور کرنے سے محروم رہا ہے۔ اس ریکارڈ کے ساتھ ساتھ ویرات کوہلی تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے۔ ویرات کوہلی اب تک ایک روزہ کرکٹ میں 37 سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔ دوسری جانب بھارت کے اوپننگ بیٹسمین روہت شرما بھی ٹنڈولکر کا ایک اہم ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں۔ روہت شرما نے ون ڈے میں سب سے زیادہ مرتبہ 150 پلس کے انفرادی اسکور کا ریکارڈ سچن تندولکر سے چھین لیا ہے۔ روہت نے گوہاٹی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میں ناٹ آؤٹ 152 رنز کی اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ بنایا۔ اس سے پہلے سچن اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر نے پانچ پانچ بار ون ڈے میں 150 سے زائد کے اسکور بنائے تھے۔ روہت اب ان سے ایک قدم آگے نکل گئے ہیں۔ روہت شرما کے نام ون ڈے کرکٹ میں تین ڈبل سنچریوں کا عالمی ریکارڈ ہے۔ انہوں نے ون ڈے میں 150 سے زائد کے 6 اسکور بنائے ہیں، جن میں 264، 209، ناٹ آؤٹ 208، ناٹ آؤٹ 171، ناٹ آؤٹ 152 اور 150 کی اننگز شامل ہیں۔ ٭
٭٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More