ایک کروڑ مالیت کے پنگولین چھلکے – کچھوے کا گوشت پکڑا گیا

0

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ وائلڈ لائف نے فشرمین سوسائٹی کھڈہ مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے 2 من سے زائد کچھوے کا گوشت اور ایک من سے زائد پنگولین کے چھلکے برآمد کرلیے، جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، برآمد ہونے والے گوشت اور چھلکوں کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد ہے ، گوشت اور چھلکے چائنا اسمگل ہونے تھے۔ سندھ وائلڈ لائف کی ویجی لنس ٹیم ٹھٹھہ کے انچارج عدنان حامد ، چھاپہ مارٹیم کے انچارج محمد عظیم برفت اور انسپکٹر محمد نعیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فشرمین سوسائٹی کھڈہ مارکیٹ روڈ گلی نمبر 7کے پارکنگ ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے کچھوے کے گوشت سے بھری چار بوریاں اور پنگولین کے چھلکوں سے بھری دو بوریاں برآمد کرلیں۔ ’’امت‘‘ سے بات کرتے ہوئے چھاپہ مار ٹیم کے انچارج محمد عظیم برفت اور انسپکٹر محمد نعیم نے بتایا کہ ہمیں خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کچھوے کا گوشت اور پنگولین کے چھلکے بیرون ملک اسمگل کیے جارہے ہیں جس کی اطلاع پر فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے دو من سے زائد کچھوے کا گوشت اور ایک من پنگولین کے چھلکے برآمد کرلیے، ان کا کہنا تھا کہ گوشت چین میں کھایا جاتا ہے اور اسکی چین میں بہت مانگ ہے جبکہ پنگولین کے چھلکوں سے جنسی ادویات بنائی جاتی ہیں، اور پنگولین کے چھلکے بیرون ملک میں فروخت ہوتے ہیں۔ عظیم برفت اور عدنان حامدنے بتایا کہ برآمد ہونے والا کچھوے کا گوشت سوکھا ہوا ہے ، جس کی وجہ سے یہ خراب نہیں ہوتا ہے اور پانی میں ڈالنے کے بعد یہ دوبارہ تازہ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کچھوے کا گوشت اور پنگولین کے چھلکے اسمگل کرنے والے ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائیگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More