کراچی ( رپورٹ : صفدر بٹ ) جعلی و غیرمعیاری ادویات کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث ادویات مافیا کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ۔ چیف ڈرگ انسپکٹر عدنان رضوی کی سربراہی میں ٹیم نے کارروائی کے دوران 4 میڈیکل اسٹوروں پر چھاپے مار کر لاکھوں روپے مالیت کی جعلی و غیر معیاری ادویات قبضے میں لے لیں اور سیمپل لیبارٹری ٹیسٹ کیلئے بھجوادیئے ۔ تفصیلات کے مطابق سیکریٹری صحت ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑ کی ہدایت پر ڈرگ ایڈمنسٹریشن سندھ نے کراچی سمیت سندھ بھر میں جعلی و غیر میعاری ادویات کی خریدو فروخت میں ملوث ادویات مافیا کے خلاف بڑاآپریشن شروع کر دیا اور 4 میڈیکل اسٹوروں پر چھاپے مار کر بھاری تعداد میں جعلی و غیر معیاری ادویات قبضے میں لے لیں ۔ ان ادویات میں اینٹی بائیوٹک ، ذہنی و نفسیاتی امراض کی ادویات ، کھانسی کے سیرپ ، معدہ کی تیزابیت اور خون بڑھانے والی ہربل ادویات سمیت دیگر جعلی ادویات شامل ہیں ۔ چیف ڈرگ انسپکٹر ڈاکٹر عدنان رضوی ڈرگ انسپکٹر طاہر خانزادہ و دیگر پر مشتمل ٹیم نے عباسی شہید اسپتال کے سامنے واقع نوید میڈیکوز اور عزیز میڈیکوز پر چھاپہ مار کر مشتبہ جعلی و غیر میعاری ادویات کی بھاری مقدار قبضے میں لے لیں ۔ اسی طرح ناظم آباد گول مارکیٹ میں چھوٹا ضیأالدین اسپتال کے سامنے واقع آفتاب میڈیکل اسٹور اور حسین آباد میں میمن میڈیکل اسٹور سے جعلی و غیر میعاری ادویات تحویل میں لے لیں ۔ عدنان رضوی نے ‘‘امت ’’کو بتایا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں انسانی زندگی سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ جعلی و غیر معیاری ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔